Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین انگلینڈ پر جوابی حملے کیلئے تیار

Updated: December 09, 2023, 10:11 AM IST | Agency | Mumbai

خواتین ٹیم آج دوسرے ٹی ۲۰؍ میں انگلینڈ پر کامیابی حاصل کرنا چاہے گی۔ انگلینڈ سیریز میں ۰۔۱؍ سے آگے ہے اور وہ اسے جیتنا چاہے گا۔

England women`s team players are seen during an evening practice session at the Wankhede Stadium. Photo: Inquilab, Atul Kamble
انگلینڈ کی خواتین ٹیم کی کھلاڑی وانکھیڈے اسٹیڈیم میں شام کے وقت پریکٹس سیشن میں نظر آرہی ہیں۔ تصویر:انقلاب، اتُل کامبلے

گر ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم ۳؍ میچوں کی سیریز کو زندہ رکھنا چاہتی ہے تو اسے دوسرےٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں بہتر کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔ انگلینڈ کے خلاف سنیچر کو یہاں کھیلا جائے گا۔ حالانکہ ہندوستانی ٹیم اس شکست سے مایوس نظر آئی۔ 
 انگلینڈ نے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۳۸؍ رن سے کامیابی حاصل کی اور اس طرح ہندوستان پر اپنا تسلط برقرار رکھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سیریز میں ابتدائی برتری حاصل کر لی۔ یہ ہندوستان کے خلاف۲۸؍ٹی ۲۰؍ انٹر نیشنل میچوں میں انگلینڈ کی۲۱؍ ویں اور ہندوستانی سرزمین پر۱۰؍ میچوں میں ۸؍ویں جیت تھی۔ ہندوستانی ٹیم پہلے میچ میں حالات کے ساتھ اچھی طرح ہم آہنگ نہیں ہو سکی اور اس سے کچھ غلطیاں بھی ہوئیں جس کی وجہ سے میچ یکطرفہ ہو گیا۔
 سپاٹ پچ پر گیند بازوں کو زیادہ مدد نہیں مل رہی تھی اور ہندوستان نے ۴؍ اسپنرس کا استعمال کیا جنہوں نے۱۲؍ اوورس میں مجموعی طور پر۱۲۱؍ رن دیئے ۔ہندوستان نے ۲؍ لیفٹ آرم اسپنرس، شریانکا پاٹل اور شائقہ اسحاق کو آغاز کردیا، لیکن ان دونوں کا اپنی گیندوں پر کنٹرول نہیں رہا اور وہ مہنگا ثابت ہوا۔ یہاں تک کہ تجربہ کار اسپنر دپتی شرما بھی متاثر نہ کر سکیں اور اپنا چار اوورس کا کوٹہ بھی پورا نہ کر سکیں ۔ہندوستان کی فیلڈنگ بھی اچھی نہیں تھی اور انگلینڈ کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ڈینی واٹ اور نیٹ سکیور برنٹ دونوں کو جان ملی جو ہندوستانی ٹیم کو مہنگی ثابت ہوئی۔ ہندوستان کی جانب سے گیند بازی میں صرف تیز گیند باز رینوکا سنگھ نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے میچ کے پہلے ہی اوور میں ۲؍ وکٹ لے کر ہندوستان کیلئے اچھا آغاز فراہم کیا لیکن ٹیم اس کا فائدہ نہ اٹھا سکی اور انگلینڈ کو واپسی کا موقع دیا جبکہ ہندوستانی اسپنرس آگے نہیں بڑھ سکے، انگلینڈ کی اسپن جوڑی سوفی ایکل اسٹون (۴۔۰۔۱۵۔۳) اور سارہ گلین (۲۵؍ رن پر ایک وکٹ) نے ہندوستانی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا اور انہیں آزادانہ طور پر کھیلنے کی اجازت نہیں دی۔ہندوستان کو۱۹۸؍ رن کا ہدف ملا تھا لیکن صرف اوپنر شیفالی ورما (۵۲؍رن) اور کپتان ہرمن پریت کور (۲۶؍رن) ہی کچھ اچھا مظاہرہ کر سکیں ۔ اسمرتی مندھانا اور جمائمہ روڈریگیز بلے بازی کیلئے سازگار پچ پر ناکام رہیں ۔ہندوستان کو اب ان دونوں سے اچھی کارکردگی کی امید ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم کو جلد از جلد اپنے کھیل میں بہتری لانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز کے بعد وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلے گی اور پھر تینوں فارمیٹس میں آسٹریلیا کا سامنا کرے گی۔
 ہندوستانی خواتین ٹیم نے۲۰۰۶ء کے بعد سے انگلینڈ سے کوئی ٹی ۲۰؍ سیریز نہیں جیتی ہے۔ اگر وہ سیریز جیتنا چاہتے ہیں تو انہیں اگلے ۲؍ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ٹیمیں درج ذیل ہیں :ہندوستان: ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، جمائما روڈریگیز، شیفالی ورما، دپتی شرما، یستیکا بھاٹیہ (وکٹ)، رچا گھوش (وکٹ)، امنجوت کور، شریانکا پاٹل، منت کشیپ، شائقہ اسحاق، رینوکا سنگھ ٹھاکر، تیتاس سادھو، پوجا وستراکر، کنیکا آہوجا، منو منی۔انگلینڈ: لارین بیل، مایا باؤچیئر، ایلس کیپسی، چارلی ڈین، صوفیہ ڈنکلے، سوفی ایکل اسٹون ، ماہیکا گور، ڈینیل گبسن، سارہ گلین، بیس ہیتھ (ڈبلیو کے)، ایمی جونس (ڈبلیو کے)، فرییا کیمپ، ہیدر نائٹ (سی) نیٹ سکیور برنٹ، ڈینیل واٹ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK