پہلی اننگز میں ہندوستان کے ۴؍کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ۴۴۵؍ رن بنائے۔
EPAPER
Updated: December 17, 2024, 2:24 PM IST | Agency | Brisbane
پہلی اننگز میں ہندوستان کے ۴؍کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ۴۴۵؍ رن بنائے۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پیر کی صبح آسٹریلیا کو۴۴۵؍رن تک محدود رکھنے کے بعد ہندوستان یشسوی جیسوال، شبھمن گل، وراٹ کوہلی اور رشبھ پنت کے وکٹ گنوانے کے بعد مشکل میں ہے۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے ۴؍ وکٹ پر۵۱؍ رن بنا لئے ہیں اور وہ ابھی بھی آسٹریلیا کے اسکور سے ۳۹۴؍ رن پیچھے ہے۔ کے ایل راہل (ناٹ آؤٹ ۳۳؍رن ) اور کپتان روہت شرما (ناٹ آؤٹ صفر) کریز پر موجود ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کو اب میچ کے نتیجے کے لیے کپتان روہت شرما اور کے ایل راہل کی دلیرانہ اننگز کا انتظار رہے گا۔پیر کی صبح آسٹریلیا نے اتوار کے اسکور ۷؍ وکٹ پر۴۰۵؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ جسپریت بمراہ نے مشیل اسٹارک (۱۸؍رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ۸؍ویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد محمد سراج نے ناتھن لاین (۲؍رن) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ آکاش دیپ نے ایلکس کیری (۷۰؍رن) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی پہلی اننگز ۴۴۵؍رن پر سمیٹ دی۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے ۶؍ اور محمد سراج نے ۲؍ وکٹ لئے۔ نتیش کمار ریڈی اور آکاش دیپ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
جسپریت بمراہ نے صحافی کو گوگل کرنے کا مشورہ دیا
آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک۵۱؍ رن پر۴؍ وکٹ گنو ا دیں۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں جب ایک صحافی نے جسپریت بمراہ سے بیٹنگ پر سوال کیا تو ہندوستانی تیز گیندباز نے بھی اچھا جواب دینے میں وقت ضائع نہیں کیا۔ اپنی بلے بازی کی صلاحیت پر سوال اٹھتے دیکھ کر بمراہ نے صحافی کو گوگل پر سرچ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔آپ کو بتاتے چلیں کہ ٹیسٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ بمراہ کے پاس ہے۔ انہوں نے دو سال قبل برمنگھم کے ایجبسٹن میں انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ پر۳۵؍ رن بنائے تھے۔ صحافی کے سوال پر نمبر وَن رینک والے ٹیسٹ بولر نے جواب دیا کہ ’’ یہ ایک دلچسپ سوال ہے لیکن، آپ میری بلے بازی کی صلاحیت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ آپ گوگل استعمال کریں اور دیکھیں کہ ٹیسٹ اوورس میں سب سے زیادہ رن کس نے بنائے ہیں۔ احمد آباد میں پیدا ہونے والے اس گیند باز کے اب سیریز کی ۵؍ اننگز میں ۱۸؍ وکٹ ہیں۔ گابا میں انہوں نے عثمان خواجہ، نیتھن میک سوینی، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، مارش اور اسٹارک کا وکٹ لیا۔