Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیشَو مہاراج ون ڈے کے نمبروَن گیند باز

Updated: August 20, 2025, 8:07 PM IST | Dubai

جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کیشو مہاراج آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے گیند بازوں کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ مہاراج نے منگل کو آسٹریلیا کے خلاف ۵؍ وکٹ لے کر سیریز کے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ کیشو مہاراج دو مقام کی چھلانگ لگا کر۶۸۷؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

Keshav Maharaj.Photo:INN
کیشو مہاراج۔ تصویر:آئی این این

کیشَو مہاراج نے آئی سی سی مردوں کی  ون ڈے گیندبازوں کی رینکنگ میں نمبر ایک کی پوزیشن دوبارہ حاصل کی ہے۔۳۵؍ سالہ تجربہ کار اسپنر پہلی بار نومبر۲۰۲۳ء میں ون ڈے گیندبازوں کی رینکنگ میں نمبر ایک  پر پہنچے تھے، جب انہوں نے ورلڈ کپ کے دوران ہندوستان کے محمد سراج کو پیچھے چھوڑا تھا۔ تب سے وہ مسلسل ٹاپ ۵؍ میں شامل رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئیے:صلاح انگلش فٹبال میں سال کے بہترین کھلاڑی منتخب

مہاراج نے آسٹریلیا کے خلاف کیئرنس میں اپنے کریئر کی پہلی ایک روزہ ۵؍  وکٹ   لے کر دو درجے ترقی حاصل کی اور سری لنکا کے مہیش تھیكشنا (دوسرے نمبر) اور ہندوستان کے کلدیپ یادو (تیسرے نمبر) کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان کی اس شاندار کارکردگی نے جنوبی افریقہ کو۹۸؍ رن کی شاندار جیت دلائی تھی۔  بہترین کارکردگی کا انہیں فائدہ ملا ہے اور اب ان کی ریٹنگ بڑھ کر۶۸۷؍ ہوگئی ہے۔جنوبی افریقہ کے لیے مزید خوشخبری یہ بھی ہے کہ  بلے بازوں کی رینکنگ میں ایڈن مارکرم (۴؍ درجے اوپر،۲۱؍ویں نمبر پر) اور ٹیمبا باووما (۵؍ درجے اوپر، ۲۳؍ویں نمبر پر) نے اپنی نصف سنچریوں کی بدولت  رینکنگ میں بہتری کی ہے۔ آسٹریلیا کے قائم مقام کپتان مشیل  مارش نے اسی میچ میں۸۸؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی اور ۶؍ درجے ترقی کرکے بلے بازوں کی رینکنگ میں۴۸؍ویں نمبر پر آگئے جبکہ ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ دو درجے اوپر اٹھ کر ۹؍ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
گیندبازوں کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے تیزگیندباز جیڈن سیلز (۱۵؍ درجے اوپر،۱۸؍ویں نمبر پر) اور پاکستان کے ابرار احمد ( ۱۵؍ درجے اوپر، ۳۹؍ ویں نمبر پر) بھی  رینکنگ میں نمایاں بہتری کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی۲۰؍ سیریز کے اختتام پر بھی کئی کھلاڑیوں کی پوزیشن بدلی۔ جنوبی افریقہ کے نوجوان بلے باز ڈیوالڈ بریوس ۹؍ درجے  بہتری کے ساتھ مشترکہ طور پر  ۱۲؍ویں نمبر پر آگئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK