• Sat, 28 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کی سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں برقرار، ٹیم کی کارکردگی سے سوریہ خوش

Updated: February 28, 2026, 9:59 AM IST | Chennai

ہندوستان کا اگلا مقابلہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکاتا کے تاریخی ایڈن گارڈن میں ہوگا جو ایک طرح سے کوارٹر فائنل کی حیثیت رکھتا ہے اور فاتح ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

Surya Kumar Yadav. Photo: INN
سوریہ کمار یادو۔ تصویر: آئی این این

سوریہ کمار نے کہا کہ ایسے نازک موقع پر پوری ٹیم کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی جب دفاعی چمپئن ہندوستان نے زمبابوے کو ۴؍ وکٹوں سے شکست دے کر ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں اور اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ 
بائیں ہاتھ کے اوپنر ابھیشیک شرما نے مسلسل تین صفر کے بعد جارحانہ انداز میں واپسی کرتے ہوئے دھواں دار نصف سنچری اسکور کی، جبکہ پلیئر آف دی میچ ہاردک پانڈیا نے بھی زمبابوے کے گیند بازوں کی خوب درگت بنائی۔ ہندوستان نے ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۵۶؍ رنوں کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا، جو ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اس کا سب سے بڑا اور مجموعی طور پر دوسرا بڑا اسکور ہے۔ 
بعد ازاں ہندوستانی گیند بازوں نے بھی بلے بازوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے زمبابوے کو ۱۸۴؍رنوں تک محدود رکھا، یوں ہندوستان نے ۷۲؍رنوں کے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ سپر۔ ۸؍ مرحلے کے ابتدائی میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بڑی شکست کے بعد یہ فتح ہندوستان کے لئے نہایت اہم ثابت ہوئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: سوریا کمار کا گیندبازی پر عدم اطمینان، ونڈیز کے خلاف گرفت مضبوط کرنے پر زور

ہندوستان کا اگلا مقابلہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکاتا کے تاریخی ایڈن گارڈن میں ہوگا جو ایک طرح سے کوارٹر فائنل کی حیثیت رکھتا ہے اور فاتح ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سوریہ کمار یادو نے کہا کہ تمام بلے بازوں کی شراکت داری دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی اور ٹیم نے گزشتہ شکست کو پسِ پشت ڈال دیا۔ 
انہوں نے کہا’’ ہم گزشتہ میچ اور گروپ مرحلے کی ناکامی کو بھلا دینا چاہتے تھے۔ تمام بلے بازوں نے اپنا بہترین تعاون دیا جو خوش آئند بات ہے۔ ہم بولنگ میں مزید بہتر کارکردگی دکھا سکتے تھے، لیکن جیت بہرحال جیت ہوتی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے پہلے ہمیں اپنی حکمت عملی مزید مضبوط بنانی ہوگی۔ ‘‘انہوں نے زمبابوے کے بلے بازوں کی بھی تعریف کی، خاص طور پر اوپنر برائن بینیٹ کی، جو ۹۷؍ رن بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور ہدف کے تعاقب میں ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ 
سوریہ کمار نے کہا کہ ایسے مواقع پر گیند بازوں کو زیادہ جرات اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور کولکاتا پہنچ کر آئندہ میچ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ دوسری جانب زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے اپنی ٹیم کی شکست پر مایوسی کا اظہار کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK