فائنل میں فیورینٹینا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کیلئے دونوں گول مارٹینز نے کئے
ارجنٹائنا کے اسٹار فٹبالر لاؤتارو مارٹینز کے ۲؍ گول کی مدد سے انٹر میلان نے فیورینٹینا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے کر اطالوی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔ واضح رہے کہ مارٹنیز نے بینفیکا اور اے سی میلان کے خلاف بھی اہم گول کر کے چمپئن لیگ کے فائنل میں انٹر میلان کی جگہ کو یقینی بنایا تھا۔ انہوں نے اپنے شاندار فارم کو جاری رکھا اور انٹر میلان کو اٹالین کپ خطاب دلانے میں اہم رول ادا کیا ۔
یہ اس سیزن میں انٹر میلان کا دوسرا خطاب ہے۔ اس سے قبل اس نے جنوری میں اطالوی سپر کپ کا ٹائٹل بھی جیتا تھا اور اس میچ میں بھی مارٹینز نے گول کیا تھا۔ انٹر میلان اب ۱۰؍جون کو استنبول میں ہونے والے چمپئن لیگ فائنل میں مانچسٹر سٹی کے مدمقابل ہوگا تو اس کی کوشش اس خطاب کو بھی جیتنے کی ہوگی۔
میچ کے بعد ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے انٹر میلان کے کھلاڑی لاؤتارو مارٹینز نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے خوش ہیں اور آئندہ بھی گول کرنے کی کوشش کریںگے۔