Inquilab Logo

دلچسپ اورسنسنی خیز آخری ٹی ۲۰؍ میں افغانستان کی شکست

Updated: January 19, 2024, 1:29 PM IST | Agency | Bengaluru

بین الاقوامی ٹی ۲۰؍کی تاریخ میںپہلی بار میچ دوسرے سپر اوور تک پہنچا ، دوسرے سپراووَر میں افغانستان ۱۲؍ رن نہیں بنا سکی ،روہت شرما اور رنکو سنگھ کی زبر دست اننگ ،ہندوستان نے ۰-۳؍سےسیریز جیتی۔

Team India players celebrating after the win. Photo: PTI
ٹیم انڈیا کے کھلاڑی جیت کے بعد جشن مناتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں  جو ایک بے حد دلچسپ مقابلہ ثابت ہوا او ربین الاقوامی ٹی ۲۰؍ میچوں کی تاریخ میں پہلی بار۲؍ سپر اووَر کھیلے گئے۔۲۰؍ اوور میں میچ ٹائی رہنے کے بعدپہلے سپراوور میں بھی میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ،اسکے بعد دوسرے سپر اوور میں ہندوستان کو جیت ملی ۔ہندوستان نے دوسرے سپر اووَر میں ۱۱؍ رن بنائے اور افغانستان کو۱۲؍ رن کا ہدف دیا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ ہدف حاصل نہ کرسکی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں نے ۲۰؍ اوور میں ۲۱۲؍ رن بنائے تھے۔دوسرے سپراووَر میں ٹیم انڈیا نے ۶؍ گیندوں پر افغانستان کو جیت کیلئے۱۲؍ رن کا ہدف دیا ۔دوسرے سپراوور میں افغانستان نے صرف ایک رن بنایا ۔محمد نبی اور رحمان اللہ گرباز دونوں روی بشنوئی کی گیندرنکو سنگھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے سپر اوور میں ہندوستانی ٹیم کی طرف سے روہت شرما اور رنکو سنگھ کریز پر اترے۔ ٹیم نے چار گیندوں پر۱۱؍ رن بنائے جس میں روہت نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا تھا۔رنکو سنگھ نے دوسرے سپر اوور کی چوتھی گیند ڈاٹ کھیلی جس میں ڈی آر ایس لیا گیا جس میں رنکو آؤٹ قرار دیئے گئے ۔ پانچویں گیند پر ایک رن لینے کی کوشش میں روہت شرما رن آوٹ ہوگئے ۔پہلے سپر اوور میں افغان ٹیم نے ایک اوور میں ۱۶؍ رن بنائے۔ افغانستان کی اننگز میں گلبدین پہلی ہی گیند پر رن ​​آؤٹ ہو گئے۔ ایسے میں گرباز اور محمد نبی نے رن بنائے۔ جواب میں ہندوستان نے بھی۱۶؍رن بنائے۔
سپر اووَر سے پہلے افغانستان کو آخری گیند پر۳؍رن درکار تھے لیکن گلبدین اور اشرف کی جوڑی صرف۲؍ رن بنا سکی۔گلبدین نائب اور شرف الدین اشرف ناٹ آؤٹ رہے تھے۔افغانستان کو آخری اوور میں جیت کیلئے۱۹؍ رن درکار تھے۔ ہندوستان کی جانب سے آخری اوور مکیش کمار نے کیا۔ اس اووَر میں ٹیم نے۱۸؍ رن بنائے اور میچ ٹائی کر دیا۔ 
 افغانستان کے بلے بازوں نے۱۸؍ویں اوور میں ۱۰؍ رن بنائے۔ مکیش کمار نے اوور کا شاندار آغاز کیا ۔جنت پہلی ہی گیند پر رن ​​آؤٹ ہو گئے۔ گلبدین نے آخری۲؍ گیندوں پر۲؍ چوکے لگائے۔کریم جنت۱۸؍ ویں اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ وہ صرف ۲؍ رن بنا سکے۔واشنگٹن سندر نے۱۷؍ ویں اوور میں محمد نبی کی وکٹ حاصل کی۔ اس اوور میں انہوں نے صرف۵؍ رن دیئے۔۱۶؍ ویں اوور میں روی بشنوئی نے لگاتار تین چوکے کھائے اور ان کے اوور میں ۱۷؍رن لُٹے۔محمد نبی نے۱۵؍ویں ویں اوور میں کلدیپ کی پہلی دو گیندوں پر دو چھکے لگائے۔ یہ ان کا۱۰۰؍ واں ٹی ٹوینٹی سکسر بھی ہے۔ اس اوور میں ۱۷؍ رن بنے۔۱۳؍ ویں اوور کرنے آئے واشنگٹن سندر اپنی پہلی گیند پر چھکا دے بیٹھے لیکن انہوں نے دو گیندوں پر لگاتار دو وکٹیں حاصل کیں۔ سندر نے ابراہیم زدران کو سیمسن کے ہاتھوں اسٹمپ کیا۔ پھر عمرزئی کو روی بشنوئی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ افغانستان نے پاور پلے کے۶؍اوور میں ۵۱؍ رن بنائے۔ چھٹے اوور میں کپتان ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز نے۵۰؍ رن کی پا رٹنرشپ مکمل کی۔اس سے قبل ہندوستان نےکپتان روہت شرما کی جارحانہ بلے بازی ( ناٹ آؤٹ ۱۲۱؍رن ) اور رنکو سنگھ کی۶۹؍ رن کی نصف سنچری کی بدولت  افغانستان کو۲۱۳؍ رن کا ہدف دیا۔
 پہلے بلے بازی کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات بہت خراب رہی اور ٹیم نے۲۲؍ کے اسکور پر اپنے چار سرکردہ بلے بازوں کی وکٹیں گنوا دیں ۔ یشسوی جیسوال چار رن، وراٹ کوہلی صفر، شیوم دوبے ایک رن اور سنجو سیمسن صفر پر پویلین لوٹے۔ایسے میں تجربہ کار کپتان روہت شرما نے نہ صرف رنکو سنگھ کے ساتھ اننگز کو سنبھالا بلکہ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں   ریکارڈ۱۹۰؍ رن کا اضافہ کیا۔ روہت شرما نے ۶۹؍ گیندوں میں ۱۱؍ چوکوں اور۸؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۲۱؍ رن کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ وہیں رنکو سنگھ نے۳۹؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ۶؍ چھکوں کی مدد سے۶۹؍ رن کی قابل تعریف ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ عظمت اللہ عمرزئی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK