Inquilab Logo

ممبئی نے آئی پی ایل ۲۰۲۴ء میں پہلی جیت کا مزہ چکھا

Updated: April 08, 2024, 11:22 AM IST | Mumbai

ممبئی انڈینس نے دہلی کیپٹلس کو ۲۹؍رن سے شکست دے دی۔ روہت شرما نے ۴۹؍رن کی اننگز کھیلی۔ ٹم ڈیوڈ نے بھی ۴۵؍رن بنائے۔

Mumbai Indians players are happy after their first win. Photo: INN
پہلی کامیابی کے بعد ممبئی انڈینس کے کھلاڑی خوش ہیں۔ تصویر:آئی این این

روماریو شیفرڈ کی۱۰؍ گیند پر۳۹؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز اور دیگر بلے بازوں کی مفید شراکت کے ساتھ، ممبئی انڈینس نے اتوار کو یہاں دہلی کیپٹلس کو۲۹؍ رن سے شکست دے کر انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے موجودہ سیزن میں جیت کا کھاتہ کھولا۔ ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵؍ وکٹ پر۲۳۴؍ رن کا بڑا اسکور بنایا۔ جواب میں دہلی کی ٹیم ۸؍ وکٹوں پر صرف۲۰۵؍ رن ہی بنا سکی۔ 
اس سے قبل اوپننگ بلے باز روہت شرما کے۴۹؍ رن، ایشان کشن کے۴۲؍ رن اور اس کے بعد آخری اوورس میں ٹم ڈیوڈ کے ناٹ آؤٹ ۴۵؍ رن اور روماریو شیفرڈ کے ناٹ آؤٹ۳۹؍ رن کی بدولت ممبئی انڈینس نے انڈین پریمیر لیگ کے۲۰؍ ویں ایڈیشن میں اتوار کو دہلی کیپٹلس کو میچ جیتنے کیلئے ۲۳۵؍ رن کا ہدف دیا۔ 
اتوار کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ممبئی انڈینس کی روہت شرما اور ایشان کشن کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کرتےہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۸۰؍ رن جوڑے۔ روہت شرما نے۲۷؍ گیندوں پر۶؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۴۹؍رن کی اننگز کھیلی۔ تاہم وہ ایک رن سے اپنی نصف سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔ وہ اکشر پٹیل کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ انجری سے صحت یاب ہو کر ٹیم میں آنے والے سوریہ کمار یادو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے اور پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے۳۳؍ گیندوں پر۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۳۹؍ رن بنائے۔ ایشان کشن نے۲۳؍ گیندوں پر۴؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگا کر۴۲؍ رن بنائے۔ تلک ورما ۶؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹم ڈیوڈ نے ۲۱؍ گیند میں ۲؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۴۵؍ رن بنائے۔ روماریو شیفرڈ نے ۱۰؍گیندوں پر ۳؍ چوکے اور۴؍ چھکے لگاتے ہوئے طوفانی انداز میں ۳۹؍ رن بنائے اور ٹیم کا اسکور مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹوں پر۲۳۴؍ رن تک پہنچا دیا۔ شیفرڈ نے آخری اوور میں چوکے اور چھکوں کی بارش کرتے ہوئے ۳۲؍ رن بنائے۔ دہلی کیلئے اکشر پٹیل اور اینریچ نورتجے نے ۲۔ ۲؍ وکٹ لئے۔ خلیل احمد کو ایک وکٹ ملا۔ 
دہلی کے پرتھوی شا (۴۰؍ گیندوں پر۶۶؍ رن) اور ابھیشیک پوریل (۳۱؍ گیندوں پر۴۱؍ رن) نے دوسرے وکٹ کیلئے ۸۸؍ رن کی شراکت کر کے دہلی کو ابتدائی جھٹکے سے نکال دیا۔ ٹرسٹن اسٹبس نے۲۷؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۷؍ چھکوں کی مدد سے۷۱؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی تاہم دوسرے بلے باز بڑے ہدف کے دباؤ میں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ 
دہلی نے پاور پلے میں ایک وکٹ پر۴۶؍ رن بنائے جس میں پرتھوی نے ۲۷؍ رن کا تعاون کیا۔ کوئٹزی کو چھکا لگا کر شروعات کرنے کے بعد اس دوران انہوں نے ۴؍ چوکے بھی لگائے۔ پرتھوی نے ایک چھکے اور ۲؍ چوکوں کے ساتھ پیوش چاؤلہ کا استقبال کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK