Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۵ء: آج ممبئی اور چنئی کے مابین دلچسپ مقابلہ متوقع

Updated: April 20, 2025, 10:55 AM IST | Mumbai

ممبئی کیلئے چنئی سپر کنگز کے خلاف اسپنر دوستانہ پچ پر کھیلنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر نور احمد کے علاوہ چنئی کے پاس تجربہ کار رویندر جڈیجا اور روی چندرن اشون کا متبادل بھی موجود ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

چنئی سپر کنگز(سی ایس کے)کا خراب فارم انڈین پریمیر لیگ کے ` ایل کلاسیکو کو ختم کر سکتی ہے۔ ممبئی نے اپنے آخری ۲؍ میچوں میں دہلی کیپٹلس اور سن رائزرس حیدرآباد کو شکست دے کر ابتدائی میچوں کی مایوسی کے بعد اچھی واپسی کی ہے۔ چنئی کے خلاف اتوار کو وہ فتح کی ہیٹ ٹرک کیلئے تیار ہے۔ 
ہاردک پانڈیا کی زیرقیادت ممبئی انڈینس ٹیبل میں ساتویں نمبر پر ہے اور وہ موجودہ سیزن میں جیت کی ہیٹ ٹرک کرکے سیزن کے اپنے پہلے میچ میں اس ٹیم کے خلاف اپنی شکست کا بدلہ لینا چاہے گی۔ اپنے آخری میچ میں ممبئی انڈینس نے سن رائزرس حیدرآباد کی جارحانہ بلے بازی کو اپنی شاندار گیند بازی سے بڑا اسکور نہیں کرنے دیا۔ اس کے بعد ٹیم نے فتح کیلئے ۱۶۳؍ رن کا ہدف ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کر لیا۔ اس میچ میں پچ نے اسپنرس کی بہت مدد کی۔ 
ممبئی کیلئے چنئی سپر کنگز کے خلاف اسپنر دوستانہ پچ پر کھیلنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر نور احمد کے علاوہ چنئی کے پاس تجربہ کار رویندر جڈیجا اور روی چندرن اشون کا متبادل بھی موجود ہے۔ نور نے ۷؍ میچوں میں ۱۲؍ وکٹ حاصل کئے ہیں جن میں ممبئی کے خلاف ابتدائی میچ میں ۳؍ وکٹ بھی شامل ہیں۔ چنئی کے خلاف سیزن کا پہلا میچ ہارنے کے باوجود ممبئی کو اپنے موجودہ فارم کی بنیاد پر برتری حاصل ہے۔ 
روہت شرما کو ابھی بڑا اسکور کرنا ہے، لیکن سن رائزرس کے خلاف ان کی تیز شروعات نے ٹیم کو بغیر کسی دباؤ کے ہدف کا تعاقب کرنے کی آزادی دی۔ تلک ورما اور سوریہ کمار یادو میں مستقل مزاجی کی کمی ہے لیکن ریان رکیلٹن نے ٹاپ آرڈر میں اچھی شراکت کی ہے۔ ول جیکس کی آل راؤنڈ کارکردگی نے سن رائزرس کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔ 
تجربہ کار جسپریت بمراہ کی واپسی سے ممبئی کی گیند بازی مضبوط ہو گئی ہے۔ ٹرینٹ بولٹ بھی اپنے پرانے انداز میں نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے سن رائزرس کے خلاف کچھ شاندار یارکر پھینکے۔ ہاردک نے بولر اور بلے باز کے طور پر اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے لیکن وہ آخری اوورس میں جارحانہ بلے بازی کے لئے نمن دھیر پر انحصار کریں گے۔ کرن شرما کو گزشتہ میچ میں فیلڈنگ کے دوران انگلی کی چوٹ لگی تھی اور ان کی چوٹ تشویشناک ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK