Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۵ء: کے کے آر پلے آف کی اپنی امیدوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کرے گا

Updated: May 04, 2025, 11:31 AM IST | Kolkata

آئی پی ایل میں کولکاتا کی ٹیم راجستھان رائلز سے مقابلہ کرے گی۔ میزبان ٹیم کو راجستھان رائلز سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ آج ویبھو پر نظر ۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

اتوار کو جب دفاعی چمپئن کولکاتا نائٹ رائیڈرس(کے کے آر) راجستھان رائلز سے مقابلہ کرے گا تو اس کا مقصد جیت کو یقینی بنانا اور پلے آف کے اپنے امکانات کو بڑھانا ہوگا۔ کے کے آر کو اب لیگ مرحلے میں ۴؍ میچ کھیلنے ہیں۔ اگر ٹیم تمام میچ جیت جاتی ہے تو اس کے کھاتے میں ۱۷؍ پوائنٹس ہوں گے اور وہ بآسانی ٹاپ ۴؍ میں داخل ہو جائے گی۔ کولکاتا کو راجستھان سے محتاط رہنا ہوگا۔ کے کے آر کو ان ۴؍ میں سے ۲؍ میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں۔ اتوار کو راجستھان رائلز کے خلاف کھیلنے کے بعد اس کا اگلا مقابلہ بدھ کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر چنئی سپر کنگز سے ہوگا۔ اس کے علاوہ اسے ۱۰؍ مئی کو سن رائزرس حیدرآباد اور۱۷؍ مئی کو رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔ سن رائزرس کی ٹیم اپنا جوش کھو چکی ہے لیکن بنگلور کی ٹیم زبردست فارم میں ہے اور ایسے میں کولکاتا کا فائنل میچ کافی دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔ 
یہ سب بعد کے مقابلے ہیں اور کے کے آر کو اب گھر پر ہونے والے ۲؍ میچوں پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ راجستھان اور چنئی کی ٹیمیں پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں اور ایسے میں وہ بغیر کسی خاص دباؤ کے میدان پر اتریں گی، جس سے نمٹنا کے کے آر کیلئے آسان نہیں ہوگا۔ 
ہوم گراؤنڈ پر اچھی کارکردگی پیش کرنا ہوگی 
کے کے آر کی سب سے بڑی پریشانی ہوم گراؤنڈ پر ان کی خراب کارکردگی ہے۔ ایڈن گارڈنس کسی زمانے میں ان کا مضبوط قلعہ تھا لیکن اس بار کولکاتا نے اب تک ۵؍ میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے جبکہ پنجاب کنگز کے خلاف آخری میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہو گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا تھا۔ کے کے آر کے اسپنر یہاں ناہموار باؤنس کو ہم آہنگ کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ اس کے بلے باز بھی توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں۔ ان کی بیٹنگ میں جارحیت کا فقدان ہے جس کی وجہ سے ان کی ٹیم نے گزشتہ سال ٹائٹل جیتا تھا۔ کپتان اجنکیا رہانے اس سیزن میں کے کے آر کے سب سے قابل اعتماد بلے باز رہے ہیں لیکن وہ فیلڈنگ کے دوران ہاتھ کی چوٹ سے لڑ رہے ہیں۔ 
ویبھو سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے 
راجستھان رائلز کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ ان کی ٹیم نے اپنے آخری ۷؍ میچوں میں صرف ایک میچ جیتا ہے جس سے نیلامی کے دوران اختیار کی گئی حکمت عملی کی خامیوں کو بھی عیاں ہوتا ہے۔ آئی پی ایل کی نئی سنسنی ۱۴؍سالہ ویبھو سوریہ ونشی نے۳۵؍ گیندوں میں سنچری بنا کر دنیائے کرکٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی، لیکن ان سے ہر وقت ایسی ہی کارکردگی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK