اس بار چاروں ٹیمیں نئے اعتماد اور نئے کپتان کی بنیاد پر اپنی مہم شروع کرنے والی ہیں ۔
EPAPER
Updated: March 20, 2025, 10:46 AM IST | Mumbai
اس بار چاروں ٹیمیں نئے اعتماد اور نئے کپتان کی بنیاد پر اپنی مہم شروع کرنے والی ہیں ۔
آئی پی ایل ۱۸؍ میں کھیلنے والی ۱۰؍ ٹیموں میں سے ۶؍ ٹیمیں ایسی ہیں جنہیں یہ ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، لیکن ۴؍ ٹیمیں ایسی ہیں جنہوں نے ابھی تک خطا ب نہیں جیتا ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور، پنجاب کنگز، دہلی کیپٹلس اور لکھنؤ سپر جائنٹس نے ابھی تک آئی پی ایل نہیں جیتا ہے۔ اس بار یہ چاروں ٹیمیں نئے اعتماد اور نئے کپتان کی بنیاد پر اپنا پہلا ٹائٹل جیتنے کا داؤ لگانے جا رہی ہیں۔
چاروں ٹیموں نے نہ صرف اپنے کپتان تبدیل کئے ہیں بلکہ ٹیم اور کوچنگ اسٹاف میں بھی بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ ان چاروں ٹیموں کی جانب سے ہر شعبے میں کی گئی تبدیلیاں کامیاب ہوں گی یا نہیں۔ ان ۴؍ میں سے ۳؍ ٹیمیں آئی پی ایل کے فائنل میں پہنچی ہیں لیکن ٹائٹل سے محروم رہیں۔ ان میں سے بنگلور۳؍ بار فائنل میں پہنچی ہے اور دہلی اورپنجاب کی ٹیمیں ایک ایک بار فائنل میں پہنچی ہیں۔ لکھنؤ فائنل میں جگہ نہیں بنا سکا ہے۔
پاٹیدار آر سی بی کیلئے مددگار ہوں گے
آر سی بی نے رجت پاٹیدار کو اپنا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ انہوں نے دنیش کارتک کو مینٹور بنایا ہے جبکہ اومکار سالوی بولنگ کوچ ہوں گے۔ کوچنگ کی ذمہ داریاں اینڈی فلاور کے پاس ہیں۔ اس بار آر سی بی نے تجربہ کار بھونیشور کمار اور جوش ہیزل ووڈ کو اپنے تیز گیند بازی کے شعبے میں شامل کیا ہے۔ اس نے ان دونوں پر۲۳ء۲۵؍ کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔ پھر اس بار وراٹ کوہلی اپنے کریئر کے آخری مرحلے میں آر سی بی کو پہلا خطاب دلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
پنت اور ظہیر لکھنؤ کی حمایت کرتے ہیں
لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنت کو ٹیم کا نیا کپتان بنایا ہے۔ انہیں کے ایل راہل کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ پنت لکھنؤ کے ساتھ پہلے سیشن میں ابتدائی دباؤ میں ہوں گے۔ ان کے ۳؍ تیزگیندباز مینک یادو، اویس خان اور محسن خان کی فٹنیس شک کے دائرے میں ہے۔ اس کے بعد ان کے بیڑے میں صرف اہم گیند باز آکاش دیپ، شمر جوزف اور روی بشنوئی باقی رہ گئے ہیں تاہم لکھنؤ میں لیجنڈری ظہیر خان بطور سرپرست موجود ہیں۔ جسٹن لینگر کو ہیڈ کوچ کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔
اکشر اور بدانی مل کر دہلی کی تقدیر بدل دیں گے
دہلی کیپٹلس نے اکشر پٹیل کی شکل میں ایک آل راؤنڈر کو کپتانی کی ذمہ داری دی، جس سے شائقین کو کم توقعات تھیں۔ پونٹنگ کی جگہ ہیمانگ بدانی کو نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے انگلینڈ کے لیجنڈ کیون پیٹرسن کو مینٹور کی ذمہ داری سونپی ہے۔ میتھیو موٹس اسسٹنٹ کوچ اور سابق ہندوستانی فاسٹ بولر مناف پٹیل بولنگ کوچ ہوں گے۔ یہی نہیں تجربہ کار فاف ڈو پلیسس ان کے نائب کپتان ہوں گے۔
پنجاب کو شریاس پونٹنگ جوڑی پر بھروسہ
پنجاب کنگز نے گزشتہ سال کے کے آر کو فاتح بنانے والے شریاس ایّر کو کپتانی سونپی ہے۔ یہی نہیں انہوں نے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیاں کرتے ہوئے دہلی اور ممبئی کے سابق کوچ رکی پونٹنگ کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ شریاس اور پونٹنگ کی جوڑی پنجاب کی قسمت بدلتے ہیں یا نہیں۔ پنجاب ایک ایسی ٹیم ہے جس نے پربھسمرن اور ششانک کو برقرار رکھتے ہوئے باقی ٹیم کو تبدیل کیا۔ انہوں نے رائٹ ٹو میچ کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے عرشدیپ سنگھ کو۱۸؍ کروڑ میں برقرار رکھا۔ لیگ اسپنر کے طور پر، انہوں نے یزویندر چہل کی خدمات لی ہیں۔