• Tue, 16 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل نیلامی : کیمرون گرین پر پیسوں کی برسات ہوسکتی ہے

Updated: December 16, 2025, 3:16 PM IST | Agency | Abu Dhabi

آج ابو ظہبی میں ہونے والی مِنی نیلامی میں وینکتیش ،لیام اور ہولڈر کیلئے بھی بڑی بولی لگنے کی امید۔

Australian all-rounder Cameron Green will be the centre of attention. Picture: INN
آسٹریلیائی آل راؤنڈر کیمرون گرین توجہ کا مرکز ہوں گے۔ تصویر: آئی این این
ابو ظہبی،(ایجنسی):عالمی معیار کے تیز گیند باز آل راؤنڈرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے آسٹریلیائی کرکٹر کیمرون گرین کیلئے منگل کو ہونے والی آئی پی ایل کی منی نیلامی میں فائدہ مند صورتحال ہو سکتی ہے جہاں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) جیسی ٹیمیں اس کھلاڑی کیلئے بڑی بولی لگا سکتی ہیں۔نیلامی میں ۱۰؍ٹیمیں ۷۷؍ کھلاڑیوں کو خریدنے کیلئے اتریں گی اور تمام ٹیموں کے پاس مجموعی طور پر ۲۳۷؍ کروڑ ۵۵؍ لاکھ روپے کی رقم دستیاب ہے۔
گرین، ہندوستانی ٹیم سے باہر چل رہے وینکٹیش ایر اور انگلینڈ کے جارح بلے باز لیام لیونگسٹن پر بھاری بولی لگ سکتی ہے۔کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے پاس سب سے زیادہ ۶۴؍ کروڑ ۳۰؍ لاکھ روپے کی رقم دستیاب ہے اور ان کی نظریں ٹیم کو نئے سرے سے تیار کرنے پر مرکوز ہوں گی۔ ٹیم کو ۱۳؍ کھلاڑیوں کو خریدنا ہے اور نیلامی میں اسے بنیادی طور پر چنئی سپر کنگز سے چیلنج ملنے کی امید ہے جن کے پاس ۴۳؍ کروڑ ۴۰؍ لاکھ روپے کی رقم دستیاب ہے۔
منی نیلامی ہمیشہ بڑی نیلامی سے زیادہ دلچسپ ہوتی ہے کیونکہ فرنچائزز خاص پسند کے ساتھ آتی ہیں اور مختلف ہنر والے کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ جوڑنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار رہتی ہیں۔تیز گیندبازی کرنے والے آل راؤنڈرز کیلئے ہمیشہ سے بڑی بولیاں لگتی رہی ہیں۔ اسے دیکھتے ہوئے گرین، وینکٹیش ایر اور ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جیسن ہولڈر سب سے زیادہ ۲؍ کروڑ روپے کے بنیادی قیمت والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
آئی پی ایل میں کیمرون گرین نے متاثر کیا ہے۔ انہوں نے ۲۹؍ میچوں میں ۷۰۴؍ رن بنانے کے علاوہ ۱۶؍ وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ وہ آسٹریلیا کیلئےتمام فارمیٹ میں باقاعدگی سے کھیلتے ہیں اور ایسے میں نیلامی میں ان کا توجہ کا مرکز ہونا تقریبا ًیقینی ہے۔
تیسرے تیز گیندباز آل راؤنڈر ہولڈر کو لے کر اگرچہ زیادہ ہنگامہ نہیں ہے لیکن وہ جارحانہ بلے بازی کے علاوہ مؤثر گیندبازی کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں اور کم متبادل کے درمیان ٹیم ان کیلئے بڑی بولی لگا سکتی ہے۔
وینکٹیش کے معاملے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا ان کی بولی ۱۰؍ کروڑ روپے سے اوپر جاتی ہے، جو ان کے ہنر اور قابلیت کو دیکھتے ہوئے ایک معقول بولی ہوگی۔منی نیلامی میںرائٹ ٹو میچ (RTM) کارڈ استعمال کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، لہٰذا اگر نائٹ رائیڈرز کو وینکٹیش کو واپس لینا ہے تو کچھ سمجھداری والے فیصلے کرنے ہوں گے۔ اسپن بولنگ بھی کرنے والے انگلینڈ کے ا سٹار کھلاڑی لیونگسٹن اور جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک بھی  ۹؍ کروڑ روپے کا ہندسہ چھو سکتے ہیں۔ ڈی کاک نے بار بار دکھایا ہے کہ وہ بلے سے میچ ونر ہیں اور وکٹ کیپر کے طور پر بھی بہت بھروسہ مند ہیں۔
غیر ملکی ہندوستانی کھلاڑیوں پرشانت ویر اور مکل چودھری بولی لگانے والوں کو متوجہ کریں گے جبکہ پرتھوی شا اور سرفراز خان بھی امید کریں گے کہ انہیں ۷۵؍ لاکھ روپے کے کم بنیادی قیمت پر کوئی خریدار ملے۔متھیشا پتھیرانا کو سپر کنگز نے ریلیز کر دیا تھا لیکن لکھنؤ سپر جائنٹس (۲۲؍کروڑ ۹۵؍ لاکھ روپے) جیسی ٹیم جارحانہ بولی لگا سکتی ہیں کیونکہ محمد سمیع اور اکثر زخمی رہنے والے مینک یادو کی موجودگی کے باوجود ان کا فاسٹ بولنگ اٹیک کمزور ہے۔یہ مانا جاتا ہے کہ پتھیرانا نے اپنے بولنگ ایکشن میں تبدیلی کی ہے لیکن کیا سپر کنگز ان میں دلچسپی لے گی یہ ایک بڑا سوال ہے۔اس فہرست میں نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز جیکب ڈفی بھی ہیں جنہوں نے ٹی ۔۲۰؍بین الاقوامی سرکٹ میں پہلے ہی اپنی پہچان بنالی ہے اور آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔غیر ملکی ہندوستانی کھلاڑیوں میں اشوک شرما پر بھی اچھی بولی لگنے کی امید ہے۔ وہ پہلے آئی پی ایل ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں اور سید مشتاق علی ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK