Inquilab Logo

آئی پی ایل کی منسوخی سے بورڈ کومالی نقصان کا خدشہ

Updated: April 01, 2020, 11:41 AM IST | Agency | New Delhi

ماہرین کے مطابق بی سی سی آئی کو ۴؍ہزار کروڑ روپے کا نقصا ن ہوسکتاہے۔ اگلے سال کھلاڑیوں کی نیلامی بھی نہیں ہوسکتی

IPL - Pic : INN
آئی پی ایل ۔ تصویر : آئی این این

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا ۱۳؍واں سیزن کورونا وائرس نامی  وبا کی وجہ سے منسوخ ہونے کی دہلیز پر ہے  تاہم ، بی سی سی آئی نے ابھی اس کا اعلان نہیں کیا ہے۔  یاد رہے کہ ۲۹؍ مارچ سے شروع ہونے والا آئی پی ایل۱۵؍ اپریل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھ کر یہ ممکن نہیں ہے کہ اس بار آئی پی ایل مقابلہ  ہوگا۔
 فی الحال  ابھی تک بی سی سی آئی کی طرف سے منسوخی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں  لیکن بی سی سی آئی ویزا سے متعلق حکومت ہند کے فیصلے کا منتظر ہے  جسے۱۵؍ اپریل تک ملتوی کردیا گیا تھا۔ کہا جارہا ہے کہ اگر اس بار آئی پی ایل نہیں ہوا تو اس کا اثر اگلی نیلامی پر پڑسکتاہے   یا اسے منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
بی سی سی آئی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا
 ماہرین کا خیال ہے کہ آئی پی ایل کی منسوخی کی وجہ سے فرنچائزی تقریباً ۷۵۰۰؍ کروڑ روپے کی کٹوتی کرسکتی ہے  جس کا براہ راست نقصان بی سی سی آئی کو ہوگا۔صرف یہی نہیں آئی پی ایل کے براہ راست ٹیلی کاسٹ کا آن لائن پلیٹ فارم ہاٹ اسٹار بھی بہت زیادہ نقصان اٹھا سکتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق  بی سی سی آئی کو تقریباً۴ ؍ ہزار کروڑ کا نقصان ہوگا۔ یہ دعویٰ امریکی بینک ڈویژن بوفا سیکیورٹیز کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
 ۲۰۲۱ء میں کوئی نیلامی نہیں ہوگی
 ۲۰۲۱ء میں ہونے والی نیلامی۲۰۲۰ء   میں آئی پی ایل کی منسوخی کی وجہ سے ملتوی ہوسکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آئی پی ایل کا۱۳؍ واں سیزن اگلے سال کھیلا جائے گا۔  یہ صورت  اس وقت پیدا ہوگی جب آئی پی ایل اس بار ملتوی ہوگا۔  واـضح رہے کہ ۲۰۲۱ء میں ہونے والی نیلامی میں فرنچائزی کو صرف چند کھلاڑی رکھنے کی اجازت ہوگی اور باقی کھلاڑیوں کیلئے دوبارہ بولی لگانی ہوگی۔
 موصولہ اطلاع کے مطابق اس بار کا آئی پی ایل ایونٹ ملتوی کردیا جائے گا اور اس کے بعد  ۲۰۲۱ء  میں آئی پی ایل کا۱۳؍ واں سیزن کھیلا جائے گا۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی ملک خطرہ مول نہیں لینا چاہے گا۔
  ٹی۲۰؍  ایشیا کپ بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے
  ٹی  ۲۰؍ایشیا کپ کی میزبانی پڑوسی پاکستان کو ملی ہے  اوروہاں بھی موجودہ حالات  اس سے بھی خراب ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی  ہندوستان  نے پہلے ہی یہ واضح کر  دیا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کھیلنے پاکستان نہیں جائے گا۔ ایسی صورتحال میں کسی دوسرے ملک کو ایشیاء کپ کی میزبانی تک نہیں دی گئی۔ یاد رہے کہ  ایشیا کپ ٹی۲۰؍ ٹورنامنٹ ستمبر میں کھیلا جانا ہے۔خیال رہے کہ یواے ای یا پھر بنگلہ دیش اس ٹورنامنٹ کو کروانے کی گفتگو ہورہی تھی۔ 
 منسوخی کا کھلاڑیوں پر بہت زیادہ اثر پڑے گا
 آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کی منسوخی کی وجہ سے نئے اور پرانے کھلاڑیوں پر بہت اثر پڑے گا کیونکہ آئی پی ایل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد کھلاڑیوں کی ہندوستانی ٹیم میں شمولیت  کی گنجائش بڑھ جاتی  ہے۔ صرف یہی نہیں اس بار آئی پی ایل سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کیلئے خاص ہونے والا تھا   کیونکہ۵۰؍اوور کے ورلڈ کپ میں مایوس کن شکست کے بعد دھونی نے اب تک کوئی بھی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلاہے اور نہ ہی انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیاہے ۔ اس کی وجہ سے سب کی نگاہیں آئی پی ایل میں دھونی کی کارکردگی پر تھیں ، اگر آئی پی ایل میں دھونی کا بلہ چلتا ہے تو وہ ۲۰۲۰ء کے آخر میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے  ہندوستانی ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔
  موجودہ حالات کی وجہ سے ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کو آرام کا ایک اچھا موقع ملا ہے کیونکہ انہیں شیڈول کے مطابق کچھ سیریز مسلسل کھیلنا پڑی تھیں۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ منسوخ ہونے والی سیریز کے فوراً بعد ہی تمام کھلاڑی اپنی اپنی فرنچائزی  میں شامل ہونے والے تھے  اور آئی پی ایل کیلئے پریکٹس کرنے والے تھے  لیکن موجودہ صورتحال آئی پی ایل کے ۱۳؍ ویں سیزن کی منسوخی کی طرف اشارہ کرتی نظر آرہی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK