Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل : کرو یا مرو کے میچ میں لکھنؤ سپرجائنٹس کا سن رائزرس حیدرآباد سے مقابلہ

Updated: May 19, 2025, 11:39 AM IST | Agency | Lucknow

لکھنؤ کے پاس اٹل بہاری واجپئی اسٹیڈیم، ایکانا میں ہونے والے میچ میں حیدرآباد کے خلاف اپنی پچھلی شکست کا حساب بیباق کرنے کا موقع ہوگا۔

Pat Cummins and Rishabh Pant, captains of both teams. Photo: INN
دونوں ٹیموں کے کپتان پیٹ کمنس اور رشبھ پنت۔ تصویر: آئی این این

لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) پیر کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کے۶۱؍  ویں میچ میں سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی پلے آف کی امیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے میدان میں اترے گی۔ 
 لکھنؤ کے پاس اٹل بہاری واجپئی اسٹیڈیم، ایکانا میں پیر کو  ہونے والے میچ میں حیدرآباد کے خلاف اپنی پچھلی شکست کا حساب بیباق کرنے کا موقع ہوگا۔ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں ایل ایس جی۱۱؍میچوں میں۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ ۷؍ ویں نمبر پر ہے۔ اس کی شکست اسے پلے آف کی دوڑ سے باہر کر دے گی۔ اس کے برعکس ایس آر ایچ مایوس کن کارکردگی کے بعد پلے آف کی دوڑ سے باہر  ہوچکی ہے۔ ایس آر ایچ نے اب تک اپنے ۱۱؍ میچوں میں سے صرف ۳؍ جیتے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ان کے  خراب فارم کے باوجود حیدرآباد ایل ایس جی پر جیت کے ساتھ اعتماد پیدا کرنا چاہے گی۔ لکھنؤ کی ٹیم ایکانا کی سست پچ سے اچھی طرح واقف ہے جہاں اسپن اور سست گیندیں کارآمد رہی ہیں۔ 
 لکھنؤ بڑے اسکور کیلئے مشیل مارش، نکولس پورن اور ایڈن مارکرم کی بیٹنگ پر منحصر ہے۔ مارش نے ۱۵۵؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۳۷۸؍ رن  بنائے ہیں۔ دھماکہ خیز بیٹنگ کرتے ہوئے پورن نے۲۰۱؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۴۱۰؍رن بنائے ہیں۔ دوسری طرف مارکرم نے حالیہ میچوں میں۳۴۸؍ رن بنا کر درمیانی اوورس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تاہم رشبھ پنت اور ڈیوڈ ملر کا فارم تشویش کا باعث  ہے۔ آیوش بدونی اور عبدالصمد ڈیتھ اوورس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے   مدد کر سکتے ہیں۔ 
 بولنگ کے بارے میں بات چیت کی جائے تو دگویش راٹھی نے لکھنؤ کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۸ء۰۹؍ کے اکنامی سے۱۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ اویس خان اور آکاش سنگھ نے رفتار کے ساتھ مدد فراہم کی ہے جبکہ روی بشنوئی ٹورنامنٹ میں مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔ 
 سن رائزرس حیدرآباد کے پیٹ کمنس کی زیرقیادت حیدرآباد نے ٹورنامنٹ میں عدم تسلسل اور بلے بازی میں گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما نے کبھی کبھار ٹاپ  پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ابھیشیک نے پنجاب کے خلاف ۱۴۱؍ رن بنائے لیکن اچھے آغاز کو میچ وننگ پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے میں ناکام رہنے سے ٹیم کو نقصان پہنچا ہے۔ ہینرک کلاسن، ایشان کشن اور نتیش کمار پر مشتمل مڈل آرڈر باقاعدگی سے کارکردگی پیش کرنے  میں ناکام رہا ہے  تاہم  انیکیت ورما کی دیر سے ہٹنگ حیدرآباد کیلئے امید کی کرن بن کر ابھرے ہیں ۔ بولنگ کے محاذ پر ہرشل پٹیل، جے دیو انادکٹ اور ذیشان انصاری نے کمنس کی قیادت میں شاندار کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی۔ ایکانا کی پچ سست گیند بازوں اور ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں کیلئے سازگار رہی ہے۔ ٹاس یہاں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس سیزن میں دوسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے یہاں کھیلے جانے والے ۵؍ میں سے ۴؍ میچ جیتے ہیں۔ پہلی اننگز کا اوسط اسکور ۱۶۶؍ ہے اور موجودہ حالات میں۱۹۰؍رن سے کم اسکور کو اوسط سے کم سمجھا جاسکتا ہے۔ لکھنؤ کیلئے یہ ایک ناک آؤٹ گیم ہے اور اس کا نتیجہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ مارش، پورن اور مارکرم کی تثلیث  حیدرآباد کی پاور پلے بولنگ کاکتنی اچھی طرح سے سامنا کرتی ہے۔لکھنؤ کی ٹیم چاہے گی کہ وہ کامیابی حاصل کرکے دیگر ٹیموں پر دباؤ ڈالے۔ اس کے پاس اچھے کھلاڑی ہیں اور اسے پیرکو گھریلو میدان کا بھی فائدہ میسر ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK