Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج ممبئی اور دہلی پلے آف کیلئے مدمقابل

Updated: May 21, 2025, 12:37 PM IST | Agency | Mumbai

آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس ایک فتح کے ساتھ اگلے راؤنڈ میں داخل ہوسکتاہے۔ دہلی کیپٹلس بھی پلے آف میں پہنچنا چاہے گا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

واحد دستیاب پلے آف جگہ کیلئے چیلنج، ممبئی انڈینس اور دہلی کیپٹلس بدھ کو یہاں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونے پر میچ جیت کر اپنے دعوے کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ تاہم  ایسا لگتا ہے کہ ممبئی کا ہاتھ اوپر ہے۔ ٹیم نے انتہائی خراب آغاز کے بعد زبردست واپسی کی اور اب ٹاپ۴؍میں شامل ہے۔دہلی کی شروعات بہت اچھی تھی لیکن ٹیم اپنے آخری ۶؍ میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کی  ہے۔ پیر کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف لکھنؤ سپر جائنٹس کی شکست کے ساتھ ہی ٹیم کی پلے آف میں جگہ بنانے کی امیدیں بھی ختم ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے اب یہ میچ ممبئی انڈینس اور دہلی کیپٹلس کے درمیان ہوگا۔ گجرات ٹائٹنس، پنجاب کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور پہلے ہی ناک آؤٹ میں اپنی جگہیں محفوظ کر چکے ہیں۔
 ممبئی انڈینس (۱۴؍ پوائنٹس) اور دہلی کیپٹلس (۱۳؍ پوائنٹس) دونوں کے پاس پلے آف میں جگہ بنانے کا موقع ہے  لیکن میزبان ٹیم مضبوط دعویدار کے طور پر وانکھیڈے اسٹیڈیم میں داخل ہوگی۔ ممبئی کی جیت انہیں۱۶؍ پوائنٹس پر لے جائے گی اور انہیں اکشر پٹیل کی قیادت والی ٹیم کی پہنچ سے دور کر دے گی۔ دوسری طرف، دہلی کیپٹلس کو آگے بڑھنے کیلئے  اپنے باقی دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کو اپنا آخری میچ پنجاب کنگز کے خلاف کھیلنا ہے۔
 ممبئی انڈینس کے فارم اور گہرائی ان کے حق میں ہے  تاہم ٹیم کو تقریباً ۲؍ ہفتے قبل گجرات ٹائٹنس کے خلاف ایک قریبی میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ ممبئی کو لگاتار ۶؍ فتح  کے بعد اس شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جیت ممبئی کو پلے آف میں لے جائے گی لیکن شکست کی صورت میں ان کی قسمت کا دارومدار دہلی اور پنجاب کے درمیان۲۴؍ مئی کو ہونے والے میچ کے نتیجہ پر ہوگا تاہم مہیلا جے وردھنے کی رہنمائی میں کھیلنے والی ٹیم دہلی کو ہرا کر تمام افس اور بٹس کا خاتمہ کرنا چاہے گی۔سبھی کی نظریں ممبئی کے سپر اسٹار روہت شرما پر ہوں گی کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد یہ ان کا پہلا میچ ہوگا۔ تجربہ کار بلے باز اپنا سب کچھ دینے اور اپنی ٹیم کو فتح تک پہنچانے کیلئے  بے تاب ہوں گے۔ ممبئی انڈینس بھی اپنے موجودہ مجموعہ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیں گے جس میں ریان رکیلٹن اور کوربن بوش کلیدی کرداروں میں ہیں۔ یہ دونوں پلے آف سے قبل جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم کو جوائن کرنے کیلئے روانہ ہوں گے۔
 سوریہ کمار یادو بلے کے ساتھ اپنے عمدہ فارم کو جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن ممبئی امید کرے گا کہ تلک ورما اپنے فارم کو تلاش کریں گے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز موجودہ سیزن میں اثر بنانے میں ناکام رہے ہیں اور پچھلے ۵؍ میچوں میں ۳؍ بار دُہرے ہندسے تک پہنچنےمیں ناکام رہے ہیں۔ اس وقفے سے جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ جیسے گیند بازوں کو ضروری آرام اور تھکاوٹ سے نجات کا موقع ملتا۔
 دہلی نے گجرات کے خلاف پچھلے میچ میں اپنے سرفہرست تیز گیند باز مشیل اسٹارک (۱۴؍ وکٹ) کی کمی محسوس کی کیونکہ جب آئی پی ایل دوبارہ شروع ہوا تو وہ واپس نہیں آئے۔ اسٹارک کی غیر موجودگی میں دہلی نے گجرات کے خلاف آخری میچ۱۰؍ وکٹ سے ہارا۔ دہلی کا بہت زیادہ انحصار لوکیش راہل (۴۹۳؍ رن) کی کارکردگی پر ہوگا جنہوں نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف شاندار سنچری بنائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK