Inquilab Logo

ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرز آج مدمقابل

Updated: April 11, 2024, 12:55 PM IST | Agency | Mumbai

آئی پی ایل میں جدوجہد کرنے والی دونوں ٹیموں کے درمیان سبقت حاصل کرنے کی جنگ۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

 ممبئی (ایجنسی): ٹی ۲۰؍ لیگ میں جدوجہد کرنے والی آئی پی ایل ٹیموں ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان مقابلہ جمعرات کو ہوگا۔ رائل چیلنجرز بنگلور، جو کہ خراب فارم سے نبرد آزما ہے، جمعرات کو انڈین پریمیر لیگ کے میچ میں ممبئی انڈینس سے کھیلے گی، جو خود اچھی کارکردگی پیش کرنے کیلئے شدید دباؤ میں ہے۔ ۵؍ میں سے ۴؍ میچ ہارنے والی آر سی بی نے ٹیم کے انتخاب میں غلطیاں کیں اور میدان پر اپنی کارکردگی سے اس کی تلافی نہیں کر سکی۔ 
 پوائنٹس ٹیبل میں یہ ممبئی سے ایک مقام نیچے ہے۔ ممبئی ۴؍ میں سے ایک میچ جیت کر ۹؍ویں نمبر پر ہے۔ انہوں نے گزشتہ میچ میں دہلی کیپٹلس کو۲۹؍ رن سے شکست دی تھی۔ وراٹ کوہلی کی شاندار کارکردگی کے باوجود آر سی بی کی مہم کی شروعات بہت خراب رہی ہے۔ 
 اب آئی پی ایل کے آدھے میچ جلد ختم ہونے والے ہیں اور ایسی صورت حال میں آر سی بی کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنا فارم تلاش کرنا ہو گی، جس میں کپتان فاف ڈو پلیسس (۱۰۹؍رن)، گلین میکسویل (۳۲) اور کیمرون گرین (۶۸؍ رن) شامل ہیں۔ کوہلی نے اب تک ۳۱۶؍ رن بنائے ہیں جن میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں لیکن وہ دوسرے سرے سے تعاون حاصل نہیں کر سکے۔ ۵؍ ماہ قبل ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سنچری بنانے والے کوہلی ایک بار پھر اسی گراؤنڈ پر اپنے بلے کی مہارت کا مظاہرہ کرنا چاہیں گے۔ گیندبازی میں میکسویل نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے ہیں لیکن اہم گیند باز بے اثر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے ممبئی کے خلاف گزشتہ ۵؍ میں سے ۴؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 
  دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک۳۲؍ میچوں میں سے۱۸؍ میں ممبئی اور ۱۴؍ میں آر سی بی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ممبئی کی ٹیم، جو عام طور پر آئی پی ایل میں سست آغاز کرتی ہے، جانتی ہے کہ اب کوئی تاخیر منفی نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ آر سی بی کو شکست دے کر ان کا ارادہ لگاتار دوسری کامیابی حاصل کرنے کا ہو گا تاکہ ٹیم کا حوصلہ بلند ہو سکے کیونکہ اسے اگلے میچ میں چنئی سپر کنگز سے کھیلنا ہے۔ ایشان کشن اور روہت شرما نے ٹاپ آرڈر پر رن بنائے ہیں لیکن مڈل آرڈر ناکام رہا ہے جس کا جواب کپتان ہاردک پانڈیا کو دینا ہوگا۔ یہ بھی دیکھنا باقی ہے کہ ہاردک کے تئیں ممبئی کے شائقین کا غصہ کم ہوا ہے یا نہیں۔ 
 گزشتہ میچ میں باقاعدہ شائقین کے بجائے ہزاروں بچے میدان میں موجود تھے، اس لئے انہیں بوکھلاہٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سوریہ کمار یادو کی واپسی سے بیٹنگ بھی مضبوط ہوئی ہے۔ 
 رائل چیلنجرز بنگلور: فاف ڈو پلیسس (کپتان)، گلین میکسویل، وراٹ کوہلی، رجت پاٹیدار، انوج راوت، دنیش کارتک، سویاش پربھودیسائی، ول جیکس، مہیپال لومرور، کرن شرما، منوج بھنڈگے، مینک ڈگر، وجے کمار، دیپ کمار، وجے کمار اور محمد سراج۔ ممبئی انڈینس: ہاردک پانڈیا (کپتان)، روہت شرما، سوریہ کمار یادو، ڈیولڈ بریوس، جسپریت بمراہ، پیوش چاؤلہ، جیرالڈ کوٹزی، ٹم ڈیوڈ، شریاس گوپال، ایشان کشن (وکٹ)۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK