Updated: October 06, 2025, 5:16 PM IST
| Shanghai
ٹینس کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے نوواک جوکووچ ممکنہ طور پر جلد ہی اپنے شاندار کریئر کا اختتام کرنے والے ہیں۔ ۳۸؍ سالہ سربین اسٹار سے متعلق یہ دعویٰ سابق عالمی نمبر ایک ڈبلز پلیئر رینی اسٹبز نے کیا ہے، جنہوں نے انکشاف کیا کہ جوکووچ شاید۲۰۲۶ء کے آسٹریلین اوپن کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں۔
نوواک جوکووچ۔ تصویر:آئی این این
رینی اسٹبز نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ آسٹریلین اوپن ان کا آخری بڑا ٹورنامنٹ ہوگا، وہ شاید اس کے بعد مزید کھیلنے یا فرنچ اوپن جیسی تھکا دینے والی چمپئن شپ میں حصہ لینے کے خواہشمند نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوکووچ ہر سطح پر بہترین ہیں، لیکن اب انہیں کورٹ پر نوجوان کھلاڑیوں کے خلاف ۵؍ سیٹ کے میچ جیتتے دیکھنا مشکل لگتا ہے اور پھر ومبلڈن کھیلنا مزید چیلنج ہوگا۔ نوواک جوکووچ نے ۱۰۰؍واں اے ٹی پی ٹائٹل جیت لیا۔رینی کے مطابق آسٹریلین اوپن سے اپنے کریئر کا اختتام کرنا جوکووچ کے لیے ایک خوبصورت اور تاریخی لمحہ ہوگا کیونکہ انہیں اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل بھی وہیں حاصل ہوا تھا۔ واضح رہے کہ جوکووچ اس وقت شنگھائی ماسٹرس میں مصروف ہیں، جہاں وہ اپنا پانچواں ٹائٹل جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ایک نیا ریکارڈ ثابت ہوگا۔جوکووچ کو تاریخ کے سب سے کامیاب ٹینس کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، وہ اب تک۲۴؍ گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز جیت چکے ہیں جو کسی بھی مرد کھلاڑی کے لیے سب سے زیادہ ہیں۔تاہم۲۰۲۳ء کے یو ایس اوپن کے بعد سے جوکووچ کوئی نیا گرینڈ سلیم جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئے، جس کی بنیادی وجہ ۲۰۲۵ء کے دوران مسلسل چوٹ اور فٹنیس کے مسائل کو قرار دیا جا رہا ہے۔
نوواک جوکووچ کوارٹرفائنل میں
سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ اور ڈنمارک کے ہولگر رُون شنگھائی ماسٹرس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ اٹلی کے نامور ٹینس اسٹارعالمی نمبر ۲؍ اور ایونٹ کے دفاعی چمپئن یانک سنر انجری کے باعث تیسرے راؤنڈ کے دوران مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔ شنگھائی ماسٹرس ٹینس ٹورنامنٹ میں اہم موڑ اُس وقت آیا جب دفاعی چمپئن اٹلی کے یانک سنر انجری کے باعث تیسرے راؤنڈ کے دوران مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیئے:ہندوستان کی پاکستان پر مسلسل۱۲؍ویں جیت
دنیائے ٹینس کے معروف کھلاڑی اور عالمی نمبر ۲؍۲۴؍ سالہ یانک سنرکا مقابلہ نیدرلینڈس کے ٹیلن گریکسپور کے خلاف تھا تاہم سخت مقابلے کے بعد تیسرے سیٹ میں پیر کی تکلیف کے باعث مزید کھیل جاری نہ رکھ سکے اور مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔ میچ کے اسکور۶۔۷، ۷۔۵، ۲۔۳؍ تھا کہ یانک سنر انجری مسائل کے باعث مقابلہ جاری نہ رکھ پائے ۔