Inquilab Logo

ایشان کی نصف سنچری ، ممبئی کی راجستھان پر۸؍ وکٹ سے شاندارفتح

Updated: October 07, 2021, 12:53 PM IST | Agency | Sharja

ممبئی نے راجستھان رائلزکو شکست دینے کے ساتھ ہی آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرلیا ہے

Ishan Kishan. Picture:INN
ایشان کشن ۔ تصویر: آئی این این

نوجوان وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن (۵۰؍رن) کی نصف سنچری کی بدولت ممبئی انڈینس نے یہاں راجستھان رائلز کے خلاف آئی پی ایل میچ میں ۸؍ وکٹ سے شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ ممبئی انڈینس نے پہلے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے راجستھان کو۲۰؍اوورس میں صرف۹۰؍ رن پرسمیٹ دیا۔ تیزگیندباز ناتھن کولٹر نائل (۴؍وکٹ ) ، جیمس نیشام (۳؍ وکٹ) اور جسپریت بمراہ (۲؍وکٹ) نے  خطرناک گیندبازی کرتے ہوئےراجستھان کی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔  کولٹر نائل نے ۴؍ اوورس میں ۱۴؍ رن دے کر۴ ، نیشام نے ۴؍ اوورس میں۱۲؍ رن دے کر ۳؍ اور بمراہ نے ۴؍ اوور  میں۱۴؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ  لئے۔ بعد میں ۹۱؍ رن کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی کے سلامی بلے بازوں  کپتان روہت شرما اور ایشان کشن نے شروع میں زبردست بلے بازی کی۔ روہت نے پہلے ہی اوور میں ۱۴؍ رن بنائے۔۲۳؍ رن کے اسکور پر روہت کا وکٹ گرنے کے بعد ایشان اور سوریہ کمار نے خطرناک انداز میں کھیلنا جاری رکھا۔ گزشتہ کچھ میچوں میں آؤٹ آف فارم ایشان نے صرف ۲۵؍گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے ۵؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۲۵؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۵۰؍  رن بنائے اور ٹیم کو میچ جتایا ۔ سوریا کمار نے ۸؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے۱۳؍ رن بنائے۔کولٹرنائل کو ان کی بہترین گیندبازی کے لیے `پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
 راجستھان کی ٹیم بلے بازی کے بعد گیندبازی میں بھی ناکام ثابت ہوئی۔ مستفیض الرحمان اور چیتن سکاریہ نے ایک ایک وکٹ لیا، لیکن دونوں کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ اس  سے پہلے بلے بازی میں بھی کوئی بلے باز متاثر کن کارکردگی نہیں کرسکے۔ سلامی بلے بازوں ایون لوئیس اور یشسوی جیسوال نے  شاندار شروعات کی لیکن دونوں لمبی اننگز نہیں کھیل سکے۔  لوئیس ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۹؍ گیندوں پرسب سے زیادہ۲۴؍رن جبکہ یشسوی ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۹؍ گیندوں میں ۱۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اس بڑی جیت کے ساتھ ممبئی کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں جبکہ راجستھان اس دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔ بڑے فرق سے کامیابی حاصل  کرنے کی وجہ سے ممبئی کے نیٹ رن ریٹ میں بھی کافی اصلاح ہوئی  ہے۔ اننگز کے۱۱ء۴؍ اوورس  باقی رہتے ہوئے ۸؍وکٹوں  سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد اس کا نیٹ رن ریٹ منفی ۰ء۰۴۸؍ ہوگیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK