• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی فوج کے نئے آہنی گیٹ، جنوبی مغربی کنارے میں۷۰؍ ہزار فلسطینی الگ تھلگ

Updated: November 26, 2026, 11:08 AM IST | Jerusalem

اسرائیلی فوج نے ان چوراہوں پر پانچ آہنی گیٹس نصب کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں وہاں آباد فلسطینیوں کے الگ تھلگ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، ان چوراہوں کو الخلیل کے مغرب میں تقریباً۷۰؍ ہزار فلسطینی دیہات کے درمیان سفر کرنے اور شہر پہنچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

الکوم اور الموراق بلدیہ کے میئر احمد راجوب نے خبر رساں ادارے انادولو کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے حالیہ دنوں میں جنوبی مقبوضہ مغربی کنارے میں پانچ برادریوں کو جوڑنے والی مرکزی سڑک پر گیٹس لگائے ہیں۔ یہ سڑک دیہات کو دورا قصبے کے ذریعے الخلیل سے بھی جوڑتی ہے۔راجوب نے کہا کہ گیٹس تروسا سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی قابضین کی خدمت کے لیے نصب کیے گئے ہیں، یہ ایک نئی غیر قانونی اسرائیلی بستی ہے جو دورا کی زمین پر بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابضین ایک سال سے زیادہ عرصے سے اس سڑک کو استعمال کر رہے ہیں۔مزید برآں راجوب نے کہا کہ دیہات پہلے ہی مغرب میں اسرائیل کی علاحدگی کی دیوار اور دیگر تین اطراف میں فوجی رکاوٹوں، سڑکوں اور غیر قانونی بستیوں سے گھرے ہوئے ہیں۔ رہائشی تقریباً ۱۰؍ کلومیٹر لمبی اور زیادہ سے زیادہ۵؍ کلومیٹر چوڑی پٹی میں رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں میننجائٹس کی وبا کا الرٹ جاری، معاملات میں خطرناک اضافہ

تین سال قبل اسرائیل میں اپنی ملازمتوں پر واپس جانے سے روکے جانے کے بعد سے سینکڑوں رہائشیوں نے کھیتی باڑی کا رخ کیا ہے۔ راجوب نے خبردار کیا کہ گیٹ سے ان کے لیے اپنے کھیتوں تک پہنچنا اور چرواہوں کے لیے اپنے مویشیوں کو چراگاہ تک لے جانا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقامی بلدیات نے گیٹ کو چیلنج کرنے کے لیے فلسطینی حکام ، بشمول اسرائیلی عدالتوں سے مدد مانگی ہے۔ علاوہ ازیں،  عینی شاہدین نے انادولو کو بتایاکہ  قریبی خربت حمصہ میں اسرائیلی فوجیوں نے منگل کی رات دیر گئے ایک احتجاجی خیمہ اکھاڑ دیا، جب انہوں نے اس جگہ کو فوجی زون قرار دے کر مظاہرین کو نکلنے کا حکم دیا۔ ان رہائشیوں نے ہفتے قبل ان کی زمین پر قائم کی گئی غیر قانونی بستی کی چوکی کے خلاف احتجاج کے لیے خیمہ لگایا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: فلسطینی یونیورسٹی طالب علم کو بغیر مقدمے کے حراست میں رکھنے کی کوشش

واضح رہے کہ فلسطینی دیوار و بستی مزاحمتی کمیشن نے۲۵؍ ستمبر تک مقبوضہ مغربی کنارے میں۹۴۲؍ اسرائیلی چیک پوائنٹس اور گیٹ شمار کیے تھے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے گیٹ اور چیک پوائنٹس فلسطینیوں کی نقل و حرکت کو محدود کرتے ہیں اور ان کی روزمرہ زندگی، تعلیم، صحت اور روزگار کو شدید متاثر کرتے ہیں۔ کسانوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ انہیں اپنے کھیتوں تک پہنچنے کے لیے طویل انتظار اور فوجی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے۔اس کے علاوہ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گیٹ کی تنصیب ان کی زمینوں پر قبضے کو مزید مضبوط کرنے اور انہیں اپنے علاقے سے بے دخل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی اقدامات کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔ساتھ ہی فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو قانونی اور سفارتی سطح پر اٹھائیں گے تاکہ رہائشیوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور انہیں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK