• Thu, 08 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیکب بیتھل کی سنچری بھی انگلینڈ کو تباہی سے نہ بچا سکی

Updated: January 07, 2026, 5:08 PM IST | Sydney

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں جاری ایشیز سیریز کا آخری معرکہ اپنے فیصلہ کن اور اعصاب شکن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ کھیل کے چوتھے دن جہاں جیکب بیتھل نے اپنے بلے سے رن کی برسات کر کے یادگار سنچری بنائی۔

Jacob Bethell.Photo:INN
جیکب بیتھل۔ تصویر:آئی این این

 سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں جاری ایشیز سیریز کا آخری معرکہ اپنے فیصلہ کن اور اعصاب شکن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ کھیل کے چوتھے دن جہاں جیکب بیتھل نے اپنے بلے سے رن کی برسات کر کے یادگار سنچری بنائی، وہیں آسٹریلوی بولرز کے قہر نے انگلش بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیر  دیں۔ دن کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں ۸؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۰۲؍ رنز بنا لیے ہیں، تاہم کینگروز کی بھاری برتری کے سامنے شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔
آسٹریلیا نے  بدھ کو  اپنی پہلی اننگز ۵۱۸؍ رنز سے آگے بڑھائی۔ قائم مقام کپتان اسٹیو اسمتھ نے اپنی روایتی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۳۸؍ رنز کی طویل اننگز کھیلی، جس میں ۱۶؍ چوکے اور ایک فلک بوس چھکا شامل تھا۔ جوش ٹنگ کی گیند پر اسمتھ کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلوی دم چھلا زیادہ دیر نہ ٹک سکا اور پوری ٹیم ۵۶۷؍ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اس طرح آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں ۱۸۳؍ رنز کی پہاڑ جیسی برتری حاصل ہوئی۔

یہ بھی پڑھئے:سعودی اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی بھی سرمایہ کاری کرسکیں گے

۱۸۳؍ رنز کے خسارے کے ساتھ میدان میں اترنے والی انگلش ٹیم کا آغاز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا۔ مچل اسٹارک نے پہلے ہی اوور میں زیک کراولی کو ٹھکانے لگا دیا۔ ایسے میں نوجوان جیکب بیتھل نے محاذ سنبھالا اور آسٹریلوی بولنگ کے طوفان کے سامنے چٹان بن گئے۔بیتھل نے ۱۴۲؍ رنز کی ناٹ آؤٹ  اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی امیدوں کو سہارا دیا۔ انہوں نے بین ڈکٹ (۴۲؍رن ) اور ہیری بروک (۴۲؍رن) کے ساتھ مل کر مزاحمت کی، لیکن دوسرے کنارے سے وکٹ ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے:بپاشا باسو بالی ووڈ میں اپنے پُراعتماد انداز، گلیمراور تھرلر کے لئے مشہور

انگلینڈ ایک وقت میں  ۳؍وکٹوں پر۱۸۴؍ رنز بنا کر مستحکم دکھائی دے رہا تھا، لیکن بو ویبسٹر نے ایک ہی اوور میں ہیری بروک اور ول جیکس کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ جو روٹ (ایک) اور کپتان بین اسٹوکس (ایک) کی ناکامی نے انگلینڈ کی کمر توڑ دی۔ دن کے اختتام پر میتھیو پوٹس صفر پر بیتھل کا ساتھ دے رہے ہیں، جبکہ انگلینڈ کو محض ۱۱۹؍ رنز کی معمولی برتری حاصل ہے اور اس کی صرف ۲؍ وکٹ باقی ہیں۔
 اگر کل صبح آسٹریلیا نے بقیہ دو وکٹ جلد حاصل کر لیں، تو کینگروز کے لیے یہ ہدف عبور کرنا محض رسمی کارروائی ہوگی۔ کیا بیتھل اپنی سنچری کو کسی کرشمے  میں بدل پائیں گے یا سڈنی کا سورج انگلینڈ کی شکست کی نوید لے کر طلوع ہوگا؟ اس کا فیصلہ کل کے پہلے سیشن میں ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK