ہندوستانی بلے باز نے اوول ٹیسٹ میں ۱۱۸؍رن بنائے۔ گیندبازوں کے بعد ہندوستانی بلے بازوں نے انگلینڈ پر شکنجہ کسا۔
EPAPER
Updated: August 03, 2025, 11:25 AM IST | London
ہندوستانی بلے باز نے اوول ٹیسٹ میں ۱۱۸؍رن بنائے۔ گیندبازوں کے بعد ہندوستانی بلے بازوں نے انگلینڈ پر شکنجہ کسا۔
ٹیم انڈیا کے سلامی بلے باز یشسوی جیسوال(۱۱۸؍رن)کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن سنیچر کوکاپی پرنٹ میں جانے تک ۸۴؍اوور میں ۹؍وکٹ پر ۳۵۸؍رن بنالئے تھے اور حریف ٹیم پر ۳۳۵؍ رن کی برتری حاصل کرلی تھی۔ اس وقت کریز پرآل راؤنڈر رویندرواشنگٹن سندر ۱۸؍ رن بناکر کھیل رہے تھے۔ رویندر جڈیجا نے ۵۳؍رن کی اہم اننگز کھیلی تھی۔
اس سے قبل جیسوال نے ۱۶۴؍ گیندوں پر ۱۱۸؍رن بنائے، جس میں ۱۴؍ چوکے اور ۲؍ چھکے شامل تھے۔ نائٹ واچ مین آکاش دیپ نے ۹۴؍ گیندوں پر۱۲؍ چوکوں کی مدد سے۶۶؍ رن اسکور کیے۔ ہندوستان کے پاس اب۳۱۵؍ رن کی سبقت ہے۔ یہ اسکور بظاہر بڑا لگ رہا ہے لیکن یہاں سے ہندوستان کو کم از کم مزید۱۰۰؍ رن کی ضرورت ہے۔ یہ سیشن ملی جلی کارکردگی والا رہا۔ اس سیشن میں کل ۱۱۵؍رن بنے اور ۳؍ وکٹ گرے۔ انگلینڈ چاہے گا کہ ہندوستان یہاں سے۵۰؍ سے زیادہ رن نہ بنا پایا، لیکن نئی گیند ابھی بھی ۹؍ اوور دُور ہے، جو ہندوستان کے لیے فائدہ مند ہے۔ ٹیم انڈیا کے کپتان شبھمن گل نے ۱۱، کرون نائر ۱۷؍رن، دھرو جوریل ۳۴؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔
یشسوی جیسوال نے جہاں انگلینڈ کے دورے کا آغاز شاندار سنچری کے ساتھ کیا وہیں انہوں نے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری بنا کر اپنی صلاحیت کا بھی ثبوت دیا۔ جیسوال نے ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان لندن کے کیننگٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری اننگزکھیلی۔ پہلی اننگز میں صرف ۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہونے والے یشسوی جیسوال نے اپنے فطری انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے اس بار کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دیا۔
یشسوی جیسوال اب تک انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ۴؍ سنچریاں بنا چکے ہیں، جس سے وہ روہت شرما اور سنیل گاوسکر کے برابر ہیں۔ جیسوال اب تک انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں ۱۱۰۰؍ سے زیادہ رن بنا چکے ہیں۔ ہندوستان کیلئے انگلینڈ کیخلاف سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں راہل دراوڑ اور سچن تینڈولکر سرفہرست ہیں، ان کے نام ۷؍ سنچریاں ہیں۔ یشسوی اس وقت اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں، جہاں ان کے اوپر کپتان شبھمن گل سمیت کچھ دوسرے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ جیسوال نے سچن تینڈولکر کا بڑا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ انہوں نے صرف۲۳؍ سال کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور کرنے والے ہندوستانی بلے باز بننے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔