Inquilab Logo

لست ملنگا کی جگہ جیمس پیٹنسن ممبئی انڈینس میں شامل

Updated: September 04, 2020, 4:12 PM IST | Agency | Mumbai

آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سری لنکا کے تیز گیند باز ملنگا نے ذاتی وجوہات کی بناء پر ٹورنامنٹ سے نام واپس لیا

Lasit Malinga. Picture:INN
لست ملنگا۔ تصویر: آئی این این

 دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کے  تیز گیندباز سری لنکا کے لست ملنگا ذاتی وجوہات کی بناء پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) میں ۱۹؍ستمبر کو ہونے والے آئی پی ایل کے ۱۳؍ویں سیزن سے دستبردار ہوگئے ہیں۔یہ معلومات دیتے ہوئے ممبئی انڈینس نے  گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ ملنگا نے ٹیم سے درخواست کی تھی کہ وہ ذاتی وجوہات کی بناء پر اور سری لنکا میں اپنے کنبے کے ساتھ رہنے کی وجہ سے سیزن کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ممبئی انڈینس نے ملنگا کی جگہ آسٹریلیائی فاسٹ بولر جیمس پیٹنسن سے معاہدہ کیا ہے۔ پیٹنسن رواں ہفتے ابوظبی میں ممبئی انڈینس ٹیم میں شامل ہوں گے۔ آئی پی ایل کا سیزن متحدہ عرب امارات کے ۳؍ شہروں دبئی ، شارجہ اور ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ ممبئی کی ٹیم اس وقت ابو ظبی میں روہت شرما کی کپتانی میں ہے اور بایو سیکیور ماحول میں پریکٹس کر رہی ہے۔ ممبئی انڈینس ٹیم کے مالک آکاش امبانی نے پیٹنسن کو ٹیم میں شامل کرنے کا خیرمقدم کیا ہے اور ملنگا کو اپنا پورا تعاون دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیمس ہماری ٹیم کے لئے صحیح انتخاب ہیں اور خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے حالات میں ،وہ  ہمارے تیز گیندبازی کے حملے کو مضبوط کریں گے۔ آکاش امبانی نے کہا کہ لست ملنگا ایک لیجنڈ ہیں اور وہ ممبئی ٹیم کا مضبوط ستون تھے۔ ہم اس سے انکار نہیں کرسکتے کہ ہم اس سیزن میں ان کی کمی محسوس کریں گے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت سری لنکا میں ملنگا کے کنبے کو ان کی ضرورت ہے۔ ممبئی انڈینس کی تشکیل خاندانی بنیاد پر کی گئی تھی اور ہمارے لئے ہماری ٹیم کے ممبران اور ان کی دیکھ بھال اولین ترجیح ہے۔ ہم جیمس کو اپنے خاندان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔  یاد رہے کہ حال ہی میں یہ اطلاع ملی تھی کہ  لست ملنگا ۱۹؍ستمبر سے ۱۰؍نومبر تک ہونے والے آئی پی ایل کے ۱۳؍ویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ اس وقت یہ اطلاع ملی تھی کہ ملنگا کے والد بیمار تھے اور ان کا آپریشن کرنا پڑا تھا۔ ملنگا اب ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئےہیں۔ ۲۸؍ اگست کو ۳۷؍سال کی ہونے والے ملنگا  آخری بار اس سال مارچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ۔۲۰؍ میں ہوم سیریز میں سری لنکا کے لئے کھیلے تھے۔ انہوں نے جون جولائی میں سری لنکا کرکٹ کے زیر اہتمام کنڈیشننگ کیمپوں میں حصہ نہیں لیا تھا۔ملنگا نے گزشتہ سال چنئی سپر کنگزکے خلاف آئی پی ایل کے فائنل میں آخری اوور میں ۸؍ رن کا دفاع کرکے چوتھی بار کامیابی کے ساتھ ممبئی کے خطاب کا دفاع کیا تھا۔ ملنگا نے پہلے ۳؍ اووروں میں ۴۲؍رن دئے تھے ۔ انہوں نے آخری اوور کی پہلی۵؍ گیندوں پر ۷؍ رن دیئے تھے اور آخری گیند پر شاردل ٹھاکر کی وکٹ حاصل کی تھی جبکہ چنئی کو جیتنے کے لئے ۲؍ رن درکار تھے۔ملنگا آئی پی ایل کے سب سے کامیاب گیندباز ہیں اور وہ ممبئی انڈینس کے لئے۲۰۰۹ء سے ۲۰۱۹ءتک کھیلے۔ ملنگا نے ۱۲۲؍میچوں میں ۱۷۰؍وکٹیں حاصل کی ہیں جو آئی پی ایل میں سب سے زیادہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK