Inquilab Logo

ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف اچھی تیاری کرنا ہوگی: جو روٹ

Updated: June 30, 2020, 9:59 AM IST | Agency | London

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا :ایک بات جو سامنے آئی وہ یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کاگیندباز ی حملہ کتنا مضبوط ہوسکتا ہے

Joe Root - Pic : INN
جو روٹ ۔ تصویر : آئی این این

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کا `مضبوط بالنگ اٹیک ہے اور ان کی ٹیم کو آئندہ ۳؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوران اس کا سامنا کرنے کیلئے اچھی طرح سے تیاری کرنا ہوگی۔گزشتہ سال انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی سیریز میں ایک۔۲؍سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور مہمان ٹیم وزڈن ٹرافی پر قبضہ برقرار رکھنے کے لئے اپنے تیز رفتار اٹیک پر ایک بار پھر انحصار کرے گی جس میں جیسن ہولڈر ، کیمر روچ اور شینن گیبریل شامل ہیں ۔
 روٹ نے بی بی سی اسپورٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ویسٹ انڈیز کی گیند بازی کی مہارت اور وہ اس سیریز میں کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں ،سے بخوبی واقف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک بات جو سامنے آئی وہ یہ ہے کہ ان کا بولنگ اٹیک کتنا مضبوط ہوسکتا ہے۔ یہ واقعی اہم ہے کہ ہم اچھی طرح سے تیاری کریں اور ہم ان سب کے لئے تیار رہیں۔ ۲۰۱۹ء میں دونوں طرف سے سب سے زیادہ رن بنانے والے جیسن ہولڈر  ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے نمبر کے آل راؤنڈر ہیں ۔ان کے بعد انگلینڈ کے بین اسٹوکس ہیں ۔ اس کے  متعلق ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ فل سمنس نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سیریز کے دوران جیسن ہولڈر اور بین اسٹوکس کے درمیان مقابلہ آرائی قابل دید ہوگی۔روٹ نے اپنے حریف کپتان جیسن ہولڈر کے بارے میں کہا کہ جیسن انٹرنیشنل کرکٹ کے سب سے زیادہ معزز افراد میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے نو عمر میں ہی ذمہ داری سنبھال لی تھی اور ہم انہیں اپنے کریئر کے عروج پر ہی دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بہت اچھے کھلاڑی  کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔۳؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز جو بند دروازوں کے پیچھے ہوگی ۸؍ جولائی کو ساوتھمپٹن میں شروع ہوگی۔
 دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف باضابطہ مقابلے سے قبل وارم اپ مقابلے میں جیسن ہولڈر کی محدود شرکت کے باوجود ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کوچ فل سمنس نے کپتان جیسن ہولڈر کی انجری کو باعث تشویش قرار نہیں دیا ہے ۔اولڈ ٹریفورڈ میں سہ روزہ میچ میں ہولڈر نے بولنگ نہیں کی جو جمعرات کو ڈرا کے طور پر ختم ہوا۔سمنس نے کہا کہ جیسن کے ٹخنے پر ہلکی سی تکلیف ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ بولنگ سے ہٹ گئے ۔وہ چار روزہ مقابلے میں بالنگ کرنے واپس آئیں گے اور اپنا پورا کوٹہ بولنگ کریں گے۔سمنس نے کہا کہ فاسٹ بولر شینن گیبریل ، جو سرکاری طور پر ویسٹ انڈیز ٹیم میں ریزرو کے طور پر شامل ہیں ، اپنے ٹخنوں کی انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد پہلے ٹیسٹ میں کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔

joe root Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK