Updated: November 03, 2025, 12:06 PM IST
|
Agency
| Wellington
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کین ولیمسن کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کین ولیمسن۔ تصویر: آئی این این
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کین ولیمسن کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔ نیوزی لینڈ بورڈ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسٹار کرکٹر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی وہائٹ بال سیریز میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے تاکہ دسمبر میں ٹیسٹ میچوںکی سیریز پر توجہ دے سکیں۔
کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میں دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ اسٹار کرکٹر نے ۲۰۱۱ءمیں ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور ۹۳؍ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے ۱۸؍ نصف سنچریوں کے ساتھ ۲؍ ہزار ۵۷۵؍رن بنائے۔
واضح رہے کہ کین ولیمسن کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ۲؍مرتبہ ٹی ۔۲۰؍ ورلڈکپ کے سیمی فائنل اور ایک مرتبہ فائنل تک پہنچی۔
نیوزی لینڈ کے اسٹار کھلاڑی کین ولیمسن نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اور مداحوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔میرے خیال سے یہ صحیح وقت ہے جب میں کرکٹ کے اس چھوٹے فارمیٹ سے خود کو الگ کر وں تاکہ نوجوانوں کو موقع مل سکے۔‘‘ دریں اثنا نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ولیمسن مستقبل میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔