ودربھ کےلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز نے گھریلو ریاست سے کھیلنے کا این او سی حاصل کر لیا۔
EPAPER
Updated: July 23, 2025, 2:41 PM IST | Agency | New Delhi
ودربھ کےلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز نے گھریلو ریاست سے کھیلنے کا این او سی حاصل کر لیا۔
ہندوستانی بلے باز کرون نائر ۳؍ سیزن کے بعد کرناٹک ٹیم میں واپسی کرنے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ نائر گزشتہ ۲؍ سیزن سے ودربھ کے ساتھ تھے۔ انہیں پیر کی شام ودربھ کرکٹ اسوسی ایشن سے این او سی مل گیا ہے جس کے بعد وہ اپنی اصل ریاستی ٹیم کے لئے دوبارہ کھیل سکیں گے۔
نائر کی کرناٹک واپسی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ان کی کارکردگی کا معیار پہلے کے مقابلے کافی بہتر ہو چکا ہے۔ اس سال کے آغاز میں ودربھ کو تیسرا رنجی ٹرافی ٹائٹل دلانے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے ۱۶؍ اننگز میں ۴؍ سنچریوں کی مدد سے ۸۶۳؍رن بنائے تھے جس کی بدولت انہیں ۸؍ سال بعد ہندوستان کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کا موقع ملا۔ ان میں کیرالا کے خلاف فائنل میں کھیلی گئی فاتحانہ سنچری اننگز بھی شامل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ۲۲۔۲۰۲۱ءمیں جب نائر کو کرناٹک ٹیم سے نکالا گیا تھا تب کیرالا انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتا تھا۔
نائر نے ۵۰؍ اوور کے وجے ہزارے ٹرافی میں ریکارڈ توڑ کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے ودربھ کی کپتانی کرتے ہوئے ٹیم کو رن اپ بنایا اور۸؍ اننگز میں۷۷۹؍ رن بنائے، جن میں مسلسل ۵؍ سنچریاں شامل تھیں۔ ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے لسٹ’ اے‘ کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ بنایا اور ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے سب سے زیادہ ۵۴۲؍رن بنانے والے کھلاڑی بنے۔
حالانکہ انگلینڈ کے موجودہ دورے پر اب تک ان کی کارکردگی اتنی متاثر کن نہیں رہی۔ انڈیا’ اے ’کیلئے انگلینڈ لائنز کے خلاف بیکنہم میں ڈبل سنچری جمانے کے باوجود انہوں نے اب تک کھیلے گئے ۳؍ ٹیسٹ میچوں میںصفر،۲۰،۳۱،۲۶،۴۰؍ اور ۱۴؍ رن بنائے ہیں۔
نائرکرناٹک کی ایسی ٹیم میں واپس آ رہے ہیں جو باصلاحیت بلے بازوں سے بھری ہوئی ہے۔ آر سمرن، کے ایل سری جیت اور کے وی انیش نے۲۵۔۲۰۲۴ءسیزن میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ سمرن نے رنجی سیزن میں ۱۰ اننگز میں ۵۱۶؍ رن بنا کر ٹیم کیلئے سب سے زیادہ رن بنائے جبکہ سری جیت نے اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو پر سنچری بنائی۔ اگروال کے کپتان بنے رہنے کا امکان ہے اور دیودت پڑیکل کا کھیلنا طے ہے، جس سے ٹیم سلیکشن میں مینجمنٹ کے سامنے اچھا خاصا چیلنج پیدا ہو سکتا ہے۔ یہ صورتحال کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن کی مستقبل پر مبنی پالیسی سے کچھ مختلف ہو سکتی ہے، جس کی مثال کے طور پر پچھلے سیزن میں گوتم اور منیش پانڈے جیسے سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر ہوتے دیکھا گیا۔
اسی دوران تیز گیند باز وی کوشک نے آئندہ سیزن کیلئے گوا جانے کیلئے کرناٹک سے این او سی حاصل کر لیا ہے۔ وہ ابھرتے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے ۲۰۔۲۰۱۹ءمیں ۲۷؍سال کی عمر میں کارپوریٹ نوکری چھوڑ کر رنجی ڈیبیو کیا تھا۔