Inquilab Logo

کیرون پولارڈ نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

Updated: April 22, 2022, 11:29 AM IST | Agency | Mumbai

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈ کھلاڑی نے ۶۱؍میچوں میں کپتانی کے فرائض انجام دی ہیں

Kieron Pollard.Picture:INN
کیرون پولارڈ۔ تصویر: آئی این این

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈ کرکٹ کھلاڑت کیرون پولارڈبین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔پولارڈ نے سوشل میڈیا پرایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔پولارڈ نے اپنے پیغام میں لکھا’’کافی غور و خوص اور صلاہ مشورہ کرنے کے بعد میں نے انٹر نیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب میں  ۱۰؍سال کا تھا  اُس وقت سے  ویسٹ انڈیز کے کئےکھیلنا میرا خواب تھا۔ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ میں نے کرکٹ کے  ٹی۔۲۰؍اور  ون ڈے  دونوں فارمیٹ میں ۱۵؍برسوں سے زیادہ وقت تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔‘‘ پولارڈ نے اپنے کرکٹ کریئر کے دوران اپنی یادوں  کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے اب بھی ۲۰۰۷ءمیں اپنے بچپن کے ہیرو برائن لارا کی قیادت میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو یاد ہے۔ قومی ٹیم کی جرسی پہننا اور ایسے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا میرے لئے خوش قسمتی کی بات ہے۔میں نے ہمیشہ کھیل کے ہر پہلو کو سنجیدگی سے لیا اور اپنا صد فیصد دینے کی کوشش کی ۔ چاہے وہ  گیندبازی ہو،  بلے بازی ہو یا فیلڈنگ۔‘‘ کیرون پولارڈ نے ویسٹ انڈیز کے لئے۱۲۳؍یکروزہ  اور ۱۰۱؍ٹی۔۲۰؍ میچ کھیلے۔یکروزہ میچوں میں پولارڈ نے۳؍ سنچریوں کی مدد سے ۲؍ہزار ۷۰۶؍رن بنائے جبکہ ۵۵؍وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہوں نے اپنا ون ڈے ڈیبیو اپریل ۲۰۰۷ءمیں جنوبی افریقہ کے خلاف کیا اور اگلے سال برج ٹاؤن میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا  ٹی ۔۲۰؍ڈیبیو کیا۔ ٹی۔۲۰؍کرکٹ میں پولارڈ نے ایک ہزار ۵۶۹؍رن بنانے کے علاوہ گیندبازی کرتے ہوئے۴۴؍وکٹیں حاصل کیں۔۲۰۱۴ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل انہیں یکروزہ ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔جون ۲۰۱۶ء میں پولارڈ کی ٹیم میں واپسی ہوئی جس کے بعد انہیں ٹی۔۲۰؍ٹیم کی کپتانی سونپی گئی۔پولارڈ کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے ہندوستانی میں کھیلی جانے والی افغانستان سیریز میں جیت حاصل کی ۔آئر لینڈ کے خلاف گھریلو سیریز میں کامیابی کے ساھ ساتھ ان کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز نے گھر پر اور باہر دونوں جگہ ٹی۔ ۲۰؍ سیریز میں سری لنکا شکست دی۔  وینڈیز آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے سری لنکا کے خلاف  بلے بازی کرتے ہوئے ایک اوور میں لگاتار ۶؍سکسر مارنے کا بھی کارنامہ انجام دیا ہے۔پولارڈ نے یکروزہ اور ٹی۔۲۰؍میچوں میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی ۶۱؍میچوں میں کپتانی کے فرائض انجام دئیے جن میں انہوںنے ۲۵؍میں جیت حاصل کی اور ۳۱؍مقابلوں میں انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔۵؍مقابلوں کا نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا۔پولارڈ ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے جس کا انہیں افسوس ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے صدر رکی اسکیرٹ نے کرون پولارڈ کے ریٹائر منٹ کے اعلان پر کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے گزشتہ ۱۵؍ برسوں سے یکروزہ اور ٹی۔۲۰؍ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ کی خدمات انجام دینے پر پولارڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ہم ان کے فیصلہ کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز ٹیم کی شاندار قیادت کی اور ان کی لیڈرشپ کوالیٹی سے ٹیم کو فائدہ پہنچا ہے۔کیرون پولارڈ فی الحال آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس کا حصہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK