Inquilab Logo

وراٹ کوہلی کتنےعظیم کرکٹر ہیں، یہ بیان کرنے کیلئےالفاظ نہیں ہیں : کے ایل راہل

Updated: September 13, 2023, 12:34 PM IST | Agency | Colombo

تقریباً ۶؍ ماہ کے وقفے کے بعد ون ڈے کرکٹ میں سنچری کے ساتھ لوٹنے والے کے ایل راہل نے کہا کہ کریز پر موجود عظیم بلے باز وراٹ کوہلی سے ملی حوصلہ افزائی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف ہندوستان کی جیت میں اہم تعاون دے سکے۔

KL Rahul and Virat Kohli. Photo. INN
کے ایل راہول اور وراٹ کوہلی۔ تصویر:آئی این این

تقریباً ۶؍ ماہ کے وقفے کے بعد ون ڈے کرکٹ میں سنچری کے ساتھ لوٹنے والے کے ایل راہل نے کہا کہ کریز پر موجود عظیم بلے باز وراٹ کوہلی سے ملی حوصلہ افزائی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف ہندوستان کی جیت میں اہم تعاون دے سکے۔اسٹار اسپورٹس سے خصوصی بات چیت میں کے ایل راہل نے وراٹ کو ایک عظیم بلے باز قرار دیتے ہوئے کہاکہ ’’انہوں نے۱۳؍ ہزار رن بنائے ہیں ۔ میں ان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، وہ بالکل حیرت انگیز ہیں ۔ یہ بیان کرنے کیلئے الفاظ کم ہیں کہ وہ کتنے عظیم کرکٹر ہیں ۔ میں نے ہمیشہ ان کے ساتھ مڈل آرڈر میں کھیلنے میں آرام دہ محسوس کیا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ صرف اپنے لئے محنت کرتے ہیں ، وہ اپنے ساتھیوں کے لئے بھی بہت محنت کرتے ہیں ۔ ہمارے درمیان اچھا تال میل ہے ۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’انہوں نے مجھے میچ کے دوران کچھ وقت دیا۔ میں نے کہا کہ مجھے فوری سنگلز حاصل کرنے کے لئے کچھ وقت چاہئے کیونکہ مجھے اپنے جسم میں آرام دہ اور اعتماد محسوس کرنے کی ضرورت ہے اور وہ اس بات کو سمجھتے تھے ۔ اس کے بعد ہم نے دوبارہ فارم حاصل کیا۔ وہ وہی کر رہے تھے جو وہ سب سے بہتر کرسکتے تھے اور اس سے مجھے فارم حاصل کرنے کا وقت مل گیا اور میں نے اپنے شاٹس کھیلنے شروع کئے۔ ہم صرف اپنے آپ کو یاد دلا رہے تھے کہ ہمیں کرکٹ کے مناسب شاٹس کھیلنے ہیں اور اپنی طاقت کے مطابق کھیلنا ہوگا ۔‘‘
پیر کو ایشیا کپ کے سپر۴؍ مرحلے کے میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو۲۲۸؍ رن کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔ تقریباً۶؍ ماہ کے طویل وقفے کے بعد ایک روزہ کرکٹ میں لوٹنے والے کے ایل راہل نے اس اہم میچ میں ۱۱۱؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ یہ طویل عرصے کے بعد میرا پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔ اس لئے جب میں بلے بازی کیلئے میدان پر آیا تو شروع میں گھبرا گیا۔ مجھے اپنے آپ کو پرسکون کرنے اور اپنے پیر کو حرکت دینے، اپنے دماغ کو پرسکون کرنے میں ۱۰۔۱۵؍ گیندیں لگیں ۔ پھر، میں نے ایک یا دو چوکے لگائے، جس سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ لیکن جیسے ہی میں نے اپنا فارم دوبارہ حاصل کیا، بارش شروع ہوگئی۔ بدقسمتی سے بارش ہونے لگی اور مجھے سارا دن انتظار کرنا پڑا۔ 
  انہوں نے کہاکہ ’’دوسرے دن ہمیں اننگز شروع ہونے کا انتظار کرنا پڑا۔ ایک بار پھر، پہلی۱۰۔۱۵؍ گیندیں تھوڑی گھبراہٹ والی تھیں اور اس کے بعد ایک بار جب آپ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں ، ایک بار جب آپ بیچ میں کچھ گیندوں کا سامنا کرلیتے ہیں تو آپ ان چیزوں کو بھول جاتے ہیں اور پھر آپ سوچنے لگتے ہیں کہ آپ کہاں رن بناسکتے ہیں ۔میں نے ایسا ہی محسوس کیا اور ایسا اکثر اس وقت نہیں ہوتا جب آپ مستقل مدت تک کھیلتے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK