• Sun, 23 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلدیپ یادو نے جنوبی افریقہ کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا

Updated: November 23, 2025, 4:14 PM IST | Agency | Guwahati

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن مہمان ٹیم نے ۶؍وکٹ پر ۲۴۷؍رن بنائے،کلدیپ نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں،محمد سراج کو ایک وکٹ ملا۔

Spinner Kuldeep Yadav congratulated by his teammates for taking a wicket. Photo: PTI
اسپن گیندباز کلدیپ یادو کو وکٹ لینے پر ساتھی کھلاڑی مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی
کُلدیپ یادو (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستانی گیندبازوں نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ کے ۲۴۷؍رنوں پر ۶؍ کھلاڑی آؤٹ کرکے ٹیم کو میچ میں  واپسی دلا دی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والی جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم اور رائن رِکلٹن نے ایک مضبوط شروعات فراہم کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۸۲؍ رن جوڑے۔ ہندوستان کو پہلی کامیابی ۲۷؍ویں اوور میں جسپریت بمراہ نے دِلائی ۔انہوں نے ایڈن مارکرم کو بولڈ کر دیا۔ مارکرم نے ۸۱؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے ۳۸؍ رن بنائے۔ اس میچ میں چائے کا وقفہ لنچ سے پہلے لیا گیا۔
چائے کے وقفے کے فوراً بعد پہلے ہی اوور میں کُلدیپ یادو نے رائن رِکلٹن کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو دوسری کامیابی دِلائی۔ رِکلٹن نے ۸۲؍ گیندوں پر ۵؍ چوکے لگا کر ۳۵؍ رن بنائے۔  لنچ تک جنوبی افریقہ کا اسکور ۲؍ وکٹ پر ۱۵۶؍ تھا۔ ٹیمبا باوما اور ٹرسٹن اسٹبس نے تیسرے وکٹ کے لئے۸۴؍ رنوں کی شراکت قائم کی۔ لنچ کے بعد ۵۸؍ویں اوور میں روندر جڈیجہ نے ٹیمبا باووما کو یشسوی جیسوال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ باوما نے ۹۲؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں کے ساتھ ۴۱؍ رن بنائے۔ اس کے بعد نصف سنچری کی جانب بڑھ رہے ٹرسٹن اسٹبس کو کُلدیپ یادو نے اپنی گیند پر شکار بنایا۔ اسٹبس نے ۱۱۲؍ گیندوں پر ۴؍ چوکے اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ۴۹؍رنوں بنائے۔ ویان مُلڈر بھی ۱۳؍ رن بنا کر کُلدیپ کا شکار بنے۔
خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے روک دیا گیا۔ اس وقت جنوبی افریقہ کا اسکور ۸۱ء۵؍اوورز میں۶؍ وکٹ پر ۲۴۷؍ رن تھا۔ سینورن میتھوسامی (۲۵؍ ناٹ آؤٹ) اور کائل ویریں (ایک ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔ دن کا آخری وکٹ  تیز گیندبازمحمد سراج نے ٹونی ڈی جورجی کو آؤٹ کرکے حاصل کیا۔ ڈی جورجی نے ۵۹؍گیندوں پر ۳؍ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۸؍  رن بنائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK