Updated: May 11, 2026, 3:48 PM IST
| Mumbai
کنال کھیمو نے تصدیق کی ہے کہ ’’مڈگاؤں ایکسپریس‘‘ کے سیکوئل پر باضابطہ طور پر کام شروع ہو چکا ہے۔ ۲۰۲۴ء میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم نے زبردست مقبولیت حاصل کی تھی اور اسے سال کی سب سے پسندیدہ ہندی کامیڈی فلموں میں شمار کیا گیا۔ فلم میں پرتیک گاندھی، دیویندو شرما اور اویناش تیواری مرکزی کرداروں میں تھے۔
کنال کھیمو۔ تصویر: آئی این این
کچھ کامیڈی فلمیں وقتی تفریح فراہم کرتی ہیں، جبکہ کچھ ایسی بن جاتی ہیں جنہیں ناظرین بار بار دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ ’’مڈگاؤں ایکسپریس‘‘ انہی فلموں میں شامل ہو چکی ہے، جس نے گزشتہ سال خاموشی سے ایک مضبوط فین بیس تیار کیا اور بعد میں ’’کلٹ فیورٹ‘‘ کا درجہ حاصل کر لیا۔ اب شائقین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ کنال کھیمو نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے کہ ’’مڈگاؤں ایکسپریس ۲‘‘ تحریری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ۲۰۲۴ء میں ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھنے والے اداکار کنال کھیمو نے پہلی ہی فلم کے ذریعے نہ صرف باکس آفس بلکہ ناظرین اور ناقدین کے دل بھی جیت لیے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: کرینہ کپور، سلمان خان کی سپر ہیرو فلم کا حصہ بن سکتی ہیں
’’مڈگاؤں ایکسپریس‘‘ ایک انوکھی کرائم کامیڈی کے طور پر سامنے آئی تھی، لیکن وقت کے ساتھ اس نے ایک زبردست ورڈ آف ماؤتھ کامیابی حاصل کی۔ فلم میں پرتیک گاندھی، دیویندو شرما اور اویناش تیواری نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جن کی کیمسٹری اور مزاحیہ ٹائمنگ کو خاص طور پر پسند کیا گیا۔ ناظرین نے فلم کے غیر متوقع پاگل پن، تیز رفتار مزاح اور افراتفری سے بھرپور مناظر کو خوب سراہا تھا۔ رپورٹس کے مطابق فلم نے دنیا بھر میں تقریباً ۵۷؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا، جبکہ بعد میں اسے ۷۰؍ فلم فیئر ایوارڈز میں چار نامزدگیاں بھی ملیں۔ پرتیک گاندھی کو بہترین اداکار جبکہ کنال کھیمو کو بہترین ڈیبیو ڈائریکٹر کی نامزدگی حاصل ہوئی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’کرتویہ‘‘ کا ٹریلر: سیف علی خان نے سنگھم جیسی توانائی دکھائی
پریویو اسکریننگز کے دوران بھی فلم کو زبردست ردعمل ملا تھا۔ رپورٹس کے مطابق کئی ناظرین شو ختم ہونے کے بعد کنال کھیمو اور ان کی اہلیہ سوہا علی خان کو ذاتی طور پر مبارکباد دینے کے لیے قطاروں میں کھڑے رہے۔ اب سیکوئل کے حوالے سے اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ کنال کھیمو اس وقت اسکرپٹ لکھ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سیکوئل میں اصل تینوں اداکار واپس آئیں گے اور اس بار کہانی کو مزید ’’وائلڈ‘‘ اور ’’ایکسائیٹنگ‘‘ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اس دوران کنال کھیمو نے حال ہی میں ’’گول مال ۵‘‘ کے ایک شوٹنگ شیڈول کو بھی مکمل کیا ہے۔ واضح رہے کہ کہ ’’مڈگاؤں ایکسپریس‘‘ کو ایکسل انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوس کیا تھا۔