الیمینیٹرراؤنڈ میں دہلی کی ۱۲؍رنوں سے فتح، گوتم گمبھیر کی ہاف سنچری،کرس گیلکی جارحانہ اننگزرائیگاں۔
EPAPER
Updated: December 08, 2023, 11:42 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi
الیمینیٹرراؤنڈ میں دہلی کی ۱۲؍رنوں سے فتح، گوتم گمبھیر کی ہاف سنچری،کرس گیلکی جارحانہ اننگزرائیگاں۔
کپتان گوتم گمبھیر (۵۱)کی صبر آزما نصف سنچری اور بھرت چپلی (۳۵) اور بین ڈنک (۳۰) شاندار بلے بازی کے بعد انڈیا کپیٹلزنے گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر لیجنڈز لیگ کرکٹ میں گجرات جائنٹس کو ۱۲؍رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ، جہاں انڈیا کیپٹلز فائنل میں پہنچنے کے قریب آگئی وہیں گجرات کا سفر الیمینیٹر میں ختم ہوگیا۔ انڈیا کیپٹلز کا مقابلہ کوالیفائر ۔۲؍ میں منی پال ٹائیگرز سے ہوگاجس کی کپتانی ہربھجن سنگھ کر رہے ہیں ۔ اس میچ کی فاتح ٹیم سنیچر کو فائنل میں اربن رائزرس حیدرآباد سے مقابلہ کرے گی۔ انڈیا کیپٹلز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰؍اووروں میں ۷؍ وکٹوں پر ۲۲۳؍ رنوں کا مضبوط اسکور بنایا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات کی جانب سے کرس گیل (۸۴) اور کیون اوبرائن (۵۷) نے نصف سنچریاں اسکور کیں ، اس کے باوجود ٹیم ۷؍ وکٹوں پر ۲۱۱؍رن ہی بنا سکی۔
اس سے قبل گجرات کے کپتان پارتھیو پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ اوپننگ بلے باز کرک ایڈورڈز (۲۶) اور گوتم گمبھیر نے انڈیا کیپٹلز کو مضبوط آغاز فراہم کیا اور ۶ء۳؍ اوور میں تقریباً ۱۰؍کے اوسط سے پہلی وکٹ کے لئے۶۴؍ رن جوڑے۔ سربجیت لڈا نے ایڈورڈز کو آؤٹ کر کے گجرات کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد کیون پیٹرسن نے اہم کردار ادا کیا لیکن ۱۱۵؍ کے اسکور پر کیپٹلز کی ۳؍ وکٹیں گر چکی تھیں ۔ اس کے بعد بین ڈنک اور چپلی نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ چپلی نے ریکارڈو پاول کے ساتھ پانچویں وکٹ کےلئے۴۷؍ رنوں کی شراکت داری نبھائی اور ٹیم کے اسکور کو ۲۰۰؍سے آگے لے گئے۔ چپلی نے اپنی ۱۶؍گیندوں کی اننگز میں ۳؍ چھکے اور ۲؍ چوکے لگائے۔
جواب میں ، گجرات کو ٹاپ ی آرڈر میں صرف کرس گیل کی حمایت حاصل ہوئی۔ جیک کیلس ۱۱؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، رچرڈ لیوی ۱۷؍اور ابھیشیک ۱۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کرس گیل نے کیون اوبرائن کے ساتھ مل کر اسکور کو ۲۰۱؍تک پہنچا دیا۔ گیل نے ۵۵؍گیندوں میں ۹؍چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ۸۴؍رن بنائے جبکہ کیون نے ۳۳؍ گیندوں میں ۷؍چوکوں اور ۲؍چھکوں کی مدد سے ۵۷؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔