Inquilab Logo

لیونل میسی نے ارجنٹائنا کیلئے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ بنادیا

Updated: June 30, 2021, 1:33 PM IST | Agency | São Paulo

بولیویا کے خلاف میدان پر اترکر انہوں نے ریکارڈ بنایا۔ حریف ٹیم کو ایک۔۴؍ سے شکست دی۔ لیونل میسی نے اپنے ریکارڈ میچ میں ۲؍گول کئے

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی۔تصویر :آئی این این

 ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے اپنی قومی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیااور انہوں نے بولیو یا کے خلاف ارجنٹائنا کی جانب سے ۱۴۸؍واں میچ کھیلا۔ اس میچ میں انہوں نے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کرداربھی اداکیا اور ۲؍گول کئے۔ ارجنٹائنا نے بولیویا کو ایک۔۴؍ سے شکست دےدی۔ 
 لیونل میسی نے اپنی ٹیم کے دفاعی کھلاڑی جاویئر مسکراہنو کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوںنے ارجنٹائنا کی جانب سے ۱۴۷؍ میچوں میں شرکت کی تھی۔ جاویئر اب فٹبال سے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں۔ کوپاامریکہ کےآخری لیگ میچ میں انہوں نے ۲؍گول کئے جس میں سے ایک پنالٹی پر کیا گیا تھا۔اب ناک آؤٹ مرحلے میں ارجنٹائنا کا مقابلہ ایکواڈور کی ٹیم سے ہوگا۔ 
 خیال رہے کہ بارسلونا فٹبال کلب اور میسی کے درمیان معاہدہ جون کی آخری تاریخ کو ختم ہونے والا ہے اور اب تک فریقین کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ممکن ہے کہ اسپینش کلب یا لیونل میسی اس تعلق سے کوئی بڑا بیان جاری کریں۔بارسلوناکے اسٹرائیکر نے ارجنٹائنا کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا ہے جوکہ ۷۵؍گول ہے۔ اب ان کی نظر جنوبی امریکہ میں قومی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے پر مرکوز ہے۔ اس معاملے میںبرازیل کے مایہ ناز کھلاڑی پیلے ٹاپ پوزیشن پر ہیں جن کے نام سب سے زیادہ ۷۷؍گول درج ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کے نام ایک اور ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ وہ سب سے زیادہ کوپاامریکہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بھی بن سکتے ہیں۔ چلی کے سرجیو لیونگ اسٹون نے کوپاامریکہ کے  ۳۴؍میچوں میں شرکت کی ہے اور اس وقت میسی نے ۳۱؍میچوں میں شرکت کی ہے۔ 
 منگل کی صبح ہونے والے کوپا امریکہ کے میچ میں لیونل میسی نے اہم کردار نبھایا۔ انہوں نے ۲؍گول کرنے کے ساتھ ہی ایک گول میں معاونت بھی کی۔ چھٹے منٹ میں لیو نل میسی کی مدد سے الجینڈرو گومیز نے ٹیم کاپہلا گول کیا۔ ۳۳؍ویں منٹ میں ارجنٹائنا کو پنالٹی ملی اور اسے میسی نے گول میں تبدیل کردیا۔ فرسٹ ہاف ختم ہونے سے ۳؍منٹ قبل انہوںنے سرجیو اگیورو کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کرکے اسکور صفر۔۳؍  کر دیا۔میچ کے دوسرے ہاف میں بولیویا کی جانب سے اورن ساودیدرا نےپہلا گول کرکے اسکور ایک۔۳؍ کر دیا۔ ۶۵؍ویں منٹ میں ارجنٹائنا کی جانب سے لاؤٹارو مارٹینیز نے ٹیم کا چوتھا گول کرکے بولیویا کی شکست یقینی کردی۔ میچ کی آخری وہیسل پر اسکور ایک۔ ۴؍ رہا۔ 
کوانی کے گول کی بدولت یوروگوئے کی فتح
 ساؤپاؤلو(ایجنسی):ایڈنسن کوانی کے گول کی بدولت یوروگوئے نے کوپا امریکہ کے آخری لیگ میچ میں پیراگوئے کو صفر۔ ایک سے شکست دےدی۔ اس فتح کے بعد یوروگوئے نے گروپ اے میں نمبر۲؍ پوزیشن پر خاتمہ کیا۔ اس شکست کے باوجود پیراگوئے کی ٹیم تیسرے نمبرپر رہی۔ چلی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی اور اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ارجنٹائنا ۱۰؍پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر رہا۔ دوسری طرف گروپ بی میں برازیل ٹاپ پوزیشن پر رہا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK