انٹر میامی کے سپر اسٹار لیونیل میسی نے لیگز کپ ۲۰۲۵ءکے پہلے میچ میں ایٹلس کے خلاف ایک کے مقابلے۲؍ گول سے سنسنی خیز جیت میں ۲؍ شاندار اسسٹ کئے۔
EPAPER
Updated: August 01, 2025, 6:35 PM IST | Agency | Miami Gardens
انٹر میامی کے سپر اسٹار لیونیل میسی نے لیگز کپ ۲۰۲۵ءکے پہلے میچ میں ایٹلس کے خلاف ایک کے مقابلے۲؍ گول سے سنسنی خیز جیت میں ۲؍ شاندار اسسٹ کئے۔
انٹر میامی کے سپر اسٹار لیونیل میسی نے لیگز کپ ۲۰۲۵ءکے پہلے میچ میں ایٹلس کے خلاف ایک کے مقابلے۲؍ گول سے سنسنی خیز جیت میں ۲؍ شاندار اسسٹ کئے۔ یہ میسی کا پہلا میچ تھا جب وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی جورڈی البا، میجر ساکر لیگ آل اسٹار گیم میں شامل نہ ہونے کے باعث عائد ایک میچ کی پابندی کے بعد میدان میں اترے تھے۔ میسی نے میچ کے آخری لمحات میں مارسیلو وائیگینٹ کو فیصلہ کن گول کے لئے اسسٹ کیا، جس نے انٹر میامی کو فتح دلادی۔میچ کا پہلا گول ۵۸؍ویں منٹ میں آیا، جب میسی نے ٹیلاسکو سیگوویا کو پاس دے کر اسکورنگ کا آغاز کیا۔ حالانکہ اس کے بعد ایٹلس کیلئے۸۲؍ ویں منٹ میں ریوالڈو لوزانو نے برابری کا گول کیا اور اسکور ایک ایک سے برابر کردیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ میچ برابری پر ختم ہوگا لیکن ۹۶؍ویں منٹ میں وائیگینٹ نے فیصلہ کن گول کردیاجسے پہلے آف سائیڈ قرار دیا گیا تھا لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کی تصدیق کے بعد گول کو درست قرار دیا گیا۔اس جیت کے ساتھ میسی کے جولائی میں کُل ۵؍ اسسٹ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس مہینے ۸؍ گول بھی کئے، جس کے باعث انہیں ’میجر لیگ ساکر پلیئر آف دی منتھ‘ منتخب کیا گیا۔ اس دوران انٹر میامی نےمیجر لیگ ساکر(ایم ایل ایس)میں ۴؍ جیت، ایک ہار اور ایکڈرا درج کی۔
پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے کئی مواقع بنائے لیکن گول نہ کر پائے۔ میامی کے گول کیپر روکو ریووز نووو نے پہلے ہاف میں ۳؍ بہترین بچاؤ کئے، جن میں ایک موقع پر انہوں نے ایڈورڈو ایگوری کے ہیڈر کو شاندار طریقے سے روکا۔ پہلےہاف کے آخری لمحات میں لوئیس سواریز کا ایک طاقتور شاٹ کراس بار سے ٹکرا گیا۔اس میچ میں ارجنٹائنا کے مڈفیلڈر روڈریگو ڈی پال نے انٹر میامی کے لئے ڈیبیو کیا۔ میسی کے قومی ٹیم کے ساتھی ڈی پال نے پچھلے ہفتے ہی کلب کے ساتھ باضابطہ معاہدہ کیا تھا۔