Inquilab Logo

چمپئن لیگ کے تاج کیلئے آج لیورپول اورریئل میڈرڈ میں گھمسان

Updated: May 28, 2022, 1:29 PM IST | Agency | Paris

لیورپول فٹبال کلب کے پاس ۲۰۱۸ء کے فائنل کی شکست کا حساب بیباق کرنے کا موقع ۔ ریئل میڈرڈ بھی ریکارڈ ۱۴؍واں خطاب حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گا

Karim Benzema. Picture:INN
کریم بینزیما ۔ تصویر: آئی این این

سنیچر کو رات کلب فٹبال سیزن کے آخری مقابلے چمپئن لیگ کا فائنل ہوگا اوراس میں انگلش فٹبال کلب لیورپول اور اسپینش فٹبال کلب ریئل میڈر ڈکے درمیان زبردست مقابلہ آرائی دیکھنے کو ملے گی۔ یہ دونوں کلب ۲۰۱۸ء کے چمپئن لیگ کے فائنل میں آمنے سامنے آچکے ہیں اور اس وقت ریئل میڈرڈنے لیورپول کو ۱۔۳؍ سے شکست دی تھی۔ اس وقت سرجیو راموس نے لیورپول کے اسٹار محمد صلاح کو ہاتھ سے پکڑ کر گرا دیا تھا جس کے بعد صلاح انجرڈ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور ریئل میڈرڈ کی ٹیم نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا تھا۔لیورپول کے پاس اس شکست کا حساب بیباق کرنے کا سنہرا موقع ہے اور خطاب جیتنے کیلئے وہ ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی۔  سنیچر کو یورپ کے ۲؍ بڑے کلب آمنے سامنے ہوں گے اور دونوں ایک دوسرے کو زیر کرنے کیلئے اپنی پوری طاقت صرف کریں گے۔ لیورپول کی جانب سے محمد صلاح کے ساتھ ساتھ سادیو مانے سے بھی اچھے کھیل کی امید ہوگی۔ یہ دونوں کھلاڑی اس وقت فارم میں ہیں اور ان کی بدولت  لیورپول نے انگلش پریمیر لیگ میں چمپئن مانچسٹر سٹی کو زبردست ٹکر دی تھی۔ بدقسمتی سے لیورپول فٹبال کلب کو ایک پوائنٹ سےپیچھے ہونا پڑا اور اس کے روایتی حریف مانچسٹر سٹی نے خطاب جیت لیا۔اس کے باوجود لیورپول کی ٹیم مضبوطی کے ساتھ چمپئن لیگ کے فائنل میں اترے گی اور ریئل میڈرڈ کو زبردست ٹکر دے گی۔ دوسری طرف اسپینش فٹبال کلب ریئل میڈرڈ نے سیمی فائنل میں مانچسٹر سٹی کو ہی شکست دی تھی اور ایک بار پھر اسے فائنل میں انگلش کلب سے مقابلہ کرنا ہے۔ ریئل کیلئے یہ سیزن بہت اچھا رہا ہے۔ اس نے اسپین کی گھریلو فٹبال لیگ لالیگا کا  خطاب اپنے نام کیا تھا اور اس کی وجہ سے اس کے حوصلے بلند ہیں۔ ٹیم کو کریم بینزیما اور ونیشیس جونیئر کی جوڑی سے ایک بار پھر بہتر کارکردگی کی امید ہوگی جنہوں نے اس سیزن میں ریئل کو لالیگا کاخطاب جتانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ کریم بینزیما اس وقت چمپئن لیگ کے ٹاپ اسکورر ہیں اور اپنی کارکردگی سے ثابت کردیا ہے کہ وہ ٹیم میں کرسٹیانو رونالڈو کے متبادل ہیں۔  لیورپول اور ریئل میڈر ڈدونوں کے ماضی پر نظر ڈالی جائے تو ان میں قریبی مقابلہ نظرآتاہے۔ ان دونوں کے درمیان ۸؍میچ ہوئے ہیں اور  ریئل میڈرڈ نے ۴؍میچ جیتے ہیں۔ دوسری طرف لیورپول نے ۳؍میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔یوئیفا چمپئن لیگ کی تاریخ میں یہ دونوں ٹیمیں تیسری بار ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے والی ہیں۔ ان دونوںکا مقابلہ لیگ کپ کے ٹورنامنٹ میں بھی ہوچکا ہے۔ چمپئن لیگ کی تاریخ میں لیورپول ۷؍واں خطاب جیتنے کیلئے میدان پر اترے گی۔ وہ اے سی میلان اور ریئل میڈرڈ کے بعد تیسری ٹیم ہوگی جس نے سب سے زیادہ چمپئن لیگ خطاب جیتے ہیں۔ 
 ریئل میڈر ڈنے ریکارڈ ۱۳؍مرتبہ یہ خطاب جیتا ہے اور اس کے پاس ۱۴؍ویں مرتبہ ٹرافی اٹھانے کا موقع رہے گا۔ ریئل میڈر ڈنے گزشتہ ۷؍مرتبہ فائنل میں آنے کے بعد ٹرافی اٹھائی ہے اور اس بار پھر وہ یہ کارنامہ انجام دے سکتی ہے۔ اسے فائنل میں آخری بار لیورپول نے ہی شکست دی تھی۔ ۱۹۸۱ء کے سیزن میں اسے فائنل میں لیورپول کے ہاتھوں ہار ملی تھی اور اس کے بعد سے اسپینش کلب نے فائنل میں کبھی شکست نہیں پائی ہے۔ لیورپول کے منیجر یورگین کلو پ نے یوئیفا چمپئن لیگ میں ۹؍مرتبہ ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کا سامنا کیاہے اور انہیں ۳؍مرتبہ ہی کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ ریئل میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی ہیں جن کا یوئیفا چمپئن لیگ میں بہت اچھا ریکارڈ ہے۔  ریئل میڈرڈکے نوجوان کھلاڑیوں کو امید ہے کہ اس بار ان کی ٹیم ٹرافی اٹھائے گی اور وہ اس کے جشن میں شامل رہیں گے۔ نوجوان کھلاڑی راڈریگو نے کہاکہ ہم نے سوچا تھا کہ ایک دن ایسا ہوگا لیکن امید نہیں تھی کہ اتنی جلدی ہم چمپئن لیگ کے فائنل میں داخل ہوجائیں گے اور لیورپول سے ہمارا مقابلہ ہوگا۔ برازیل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی نے کہاکہ ہم نے اس  لمحہ کیلئے بہت زیادہ محنت کی ہے  اور ہم اس مقابلے کیلئے بہت زیادہ خوشی محسوس کررہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK