Updated: March 19, 2026, 9:53 AM IST
| New Delhi
حکومت نے پھر اطمینان دلایا کہ ملک میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ، ریاستوں کو اصلاحات اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کی ہدایت۔
حکومت کے دعوؤں کے برخلاف ملک بھر میں عوام رسوئی گیس کیلئے در در بھٹک رہے ہیں۔ یہ تصویر الہ آباد کی ہے جو منگل کو لی گئی- تصویر:پی ٹی آئی
مودی حکومت نے پھر اطمینان دلایا ہےکہ ملک میں ایل پی جی کی مقامی پیداوار میں۴۰؍ فیصد اضافہ ہوا ہے اور ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاستوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اصلاحات کے عمل کو تیز کریں نیز ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
واضح رہے کہ فروری میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گھریلو ایل پی جی کی پیداوار ایک ملین ٹن سے کچھ زیادہ تھی۔ عام طور پر ملک میں روزانہ اوسطاً تقریباً۹۰؍ہزارٹن ایل پی جی استعمال ہوتی ہے۔ اس میں سے تقریباً۵۵؍ہزارٹن درآمدات کے ذریعے اور۳۵؍ہزار ٹن گھریلو پیداوار سے حاصل ہوتی ہے۔
اگر پیداوار میں۴۰؍فیصد اضافہ ہوا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اب گھریلو پیداوار روزانہ کی بنیاد پر۴۸؍ہزار ٹن سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ایل پی جی کی مجموعی کھپت میں سے تقریباً۸۵؍ سے۹۰؍ فیصد گھروں میں بطور کھانا پکانے کی گیس استعمال ہوتی ہے، جبکہ باقی حصہ تجارتی اور صنعتی مقاصد کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ صنعتی اور تجارتی استعمال کو محدود کرنے سے روزانہ درآمد کی ضرورت تقریباً۵۵؍ہزار ٹن سے کم ہو کر تقریباً ۳۰؍ ہزار ٹن رہ گئی ہے۔پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے میڈیا بریفنگ میں بتایاکہ’’ایل پی جی کی گھریلو پیداوار میں۴۰؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ریٹیل آؤٹ لیٹس اور پٹرول پمپوں پر وافر اسٹاک موجود ہے، اور ملک بھر میں ایل پی جی، پٹرول اور ڈیزل دستیاب ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی ) اور ٹرانسپورٹ کیلئے کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی سپلائی بھی پوری طرح سے مستحکم ہے۔
اس حقیقت کے باوجود کہ ملک میں رسوئی گیس کی قلت کی وجہ سے عوام پریشان ہیں اور بکنگ کے باوجود وقت پر ایل پی جی سلنڈر فراہم نہیں کئے جارہے ہیں، سجاتا شرما نےصارفین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کسی بھی زمرے میں سپلائی متاثر نہیں ہوئی ہے۔
سفارتی کوششوں کے حوالے سے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات (یواے ای ) کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے بات چیت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ اور آزاد جہاز رانی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سکریٹری (خلیج) اسیم آر مہاجن نے بتایا کہ۲۸؍ فروری سے اب تک تقریباً۲ء۶؍ لاکھ مسافر ہندوستان واپس آچکے ہیں۔