Inquilab Logo

لکھنؤ سپرجائنٹس اور ممبئی انڈینس آج مدمقابل

Updated: April 30, 2024, 11:18 AM IST | Agency | Lucknow

کپتان راہل اپنی اہمیت ثابت کرنے کیلئے اس میچ میں اچھا کھیلنے کے متمنی۔ ممبئی انڈینس کو بھی لیگ میں برقرار رہنے کیلئے میچ جیتنا لازمی۔

Rohit Sharma and KL Rahul talking before the IPL match. Photo: INN
روہت شرما اور کے ایل راہل آئی پی ایل کے میچ سے قبل گفتگو کررہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

 ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے لئے ہندوستانی ٹیم کے انتخاب سے قبل کے ایل راہل کے پاس دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر انتخاب کیلئے اپنا دعویٰ مضبوط کرنے کا ایک اور موقع ہوگا جب ان کی کپتانی میں لکھنؤ سپر جائنٹس کا انڈین پریمیر لیگ میں ممبئی انڈینس سے مقابلہ ہوگا۔ منگل کولکھنؤ اور ممبئی کے درمیان آئی پی ایل کا میچ کھیلا جائے گا۔ ٹی۲۰؍ کرکٹ میں راہل کا اسٹرائیک ریٹ تشویش کا باعث رہا ہے۔ پاور پلے میں فیلڈنگ کی پابندیوں کے باوجود، راہل نے آئی پی ایل میں سست شروعات کی ہے تاہم، اس نے اس موسم میں اسے تبدیل کر دیا۔ 
 اب تک وہ۲۰۲۴ء کے سیزن میں ۱۴۴ء۲۷؍ کے اوسط سے۳۷۸؍ رن بنا چکے ہیں۔ تاہم، رشبھ پنت کا اسٹرائیک ریٹ ۱۶۰ء۶۰؍ اور سنجو سیمسن کا ۱۶۱ء۰۸؍ رہا ہے۔ پنت کی جگہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ٹیم میں تقریباً یقینی ہے کیونکہ انہوں نے وکٹ کیپنگ اور بلے بازی دونوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سنجو نے بھی راجستھان رائلز کیلئے جارحانہ اننگز کھیل کر اپنا دعویٰ مضبوط کیا ہے۔ ایسے میں راہل کو زیادہ جارحانہ کھیلنا ہوگا تاکہ ان کی ٹیم بڑا اسکور کر سکے اور اپنا دعویٰ مضبوط کر سکے۔ 
 لکھنؤ کو راجستھان رائلزنے آخری میچ میں ۷؍وکٹ سے شکست دی تھی۔ اب تیز رن بنانے کی ذمہ داری کوئنٹن ڈی کاک، مارکس اسٹوئنس اور نکولس پوران پر ہوگی۔ ان کے سامنے ممبئی کا بولنگ اٹیک ہے جسے دہلی کیپٹلس کے بلے بازوں نے پورے میدان میں تباہ کر دیا۔ ممبئی کے گیند بازوں کے پاس نوجوان جیک فریزر میک گرک کے اسٹروک کا کوئی جواب نہیں تھا۔ یہاں تک کہ جسپریت بمراہ جیسے ورلڈ کلاس بولر نے پہلے اوور میں ۱۹؍ رن دیئے۔ لیوک ووڈ اور ہاردک پانڈیا بہت مہنگے ثابت ہوئے۔ 
 ممبئی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں ۹؍ویں نمبر پر ہے اور اسے پلے آف کی دوڑ میں رہنے کیلئے تمام میچ جیتنا ہوں گے۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما اور ٹی ۲۰؍ میں نمبر ایک بلے باز سوریہ کمار یادو سے اچھی اننگز کی توقع کی جائے گی۔ ہاردک، جو اس سیزن میں بلے اور گیند دونوں سے ناکام رہے ہیں، کو ورلڈ کپ ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ 
  لکھنؤ سپر جائنٹس: کوئنٹن ڈی کاک، کے ایل راہل (کپتان اور وکٹ کیپر)، مارکس اسٹونیس، نکولس پوران، دیپک ہڈا، آیوش بدونی، کرونال پانڈیا، میٹ ہنری، روی بشنوئی، محسن خان، یش ٹھاکر۔ ممبئی انڈینس: روہت شرما، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادو، تلک ورما، ہاردک پانڈیا (کپتان)، ٹم ڈیوڈ، محمد نبی، پیوش چاؤلہ، لیوک ووڈ، جسپریت بمراہ، نووان تھشارا۔ 
لکھنؤ اور ممبئی :دونوں کی کارکردگی 
لکھنؤ اور ممبئی اب تک آئی پی ایل میں ایک دوسرے کے خلاف ۴؍ میچ کھیل چکے ہیں۔ ان میں سے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے ۳؍ میچ جیتے ہیں اور ممبئی انڈینس (ایم آئی) نے ایک میچ جیتا ہے۔ ایم آئی کے خلاف لکھنؤ کا اب تک کا سب سے زیادہ اسکور۱۹۹؍رن ہے۔ ایل ایس جی کے خلاف ایم آئی کا سب سے زیادہ اسکور۱۸۲؍رن ہے۔ 
آخری بار یہ دونوں ٹیمیں گزشتہ سال ایلیمینیٹر میں آمنے سامنے تھیں جب ممبئی نے۲۰؍ اوورس میں ۱۸۲/۸؍ بنائے تھے۔ جواب میں لکھنؤ کی ٹیم۱۰۱؍رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ آکاش مدھوال نے۳ء۳؍ اوورس میں ۵؍ رن ۵؍وکٹ لئے۔ 
لکھنؤ بمقابلہ ممبئی : پچ رپورٹ
لکھنؤ کے ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم کی سست پچ کی وجہ سے عام طور پر میچوں میں کم اسکور بنائے جاتے ہیں۔ اسپن گیندبازوں نے یہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ جیسے جیسے میچ آگے بڑھتا ہے گیند ٹرن اور پچ پر چپکنے لگتی ہے۔ تاہم، یہاں کھیلے گئے آخری میچ میں، لکھنؤ نے۵/۱۹۶؍رن کا اسکور بنایا تھا جسے راجستھان رائلز(آر آر ) نے۱۹؍ اوورس میں حاصل کیا۔ 
لکھنؤ بمقابلہ ممبئی انڈینس میچ کے دوران موسم کیسا رہے گا؟:لکھنؤ میں شام کے وقت درجہ حرارت۲۹؍ ڈگری کے آس پاس رہے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK