تمل ناڈوکےوزیر پی وینکٹ رمنن نےاس معاملے پرکانگریس کے ساتھ ہونے والی کشیدگی کو اہمیت نہ دینے کی اپیل کی اورکہا کہ یہ صرف کچھ اراکین اسمبلی کی ذاتی خواہش ہے۔
EPAPER
Updated: September 04, 2026, 11:33 AM IST | Agency | Chennai
تمل ناڈوکےوزیر پی وینکٹ رمنن نےاس معاملے پرکانگریس کے ساتھ ہونے والی کشیدگی کو اہمیت نہ دینے کی اپیل کی اورکہا کہ یہ صرف کچھ اراکین اسمبلی کی ذاتی خواہش ہے۔
۲۰۲۹ء میں وزیر اعلیٰ جوزف وجے کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنانے کے معاملے پر حکمراں تمِلگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) اور اس کی اتحادی کانگریس کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو دور کرتے ہوئے تمل ناڈو کے وزیر برائے خوراک و شہری رسد پی وینکٹ رمنن نے جمعرات کو اس معاملے کو زیادہ اہمیت نہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف کچھ اراکین اسمبلی کی ذاتی خواہش ہے، پارٹی کا سرکاری موقف نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نولن کی ’اوڈیسی‘ پر تنقید کے بعد ایملی ولسن نے نظم کا ازسرنو ترجمہ شروع کر دیا
حال ہی میں’ٹی وی کے‘ کے کچھ وزراء، اراکین اسمبلی اور عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ وجے کو۲۰۲۹ء کے عام انتخابات کے لیے ممکنہ وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر پیش کرنا شروع کردیا تھا۔ اس پر کانگریس نے سخت موقف اختیار کیاہے جو راہل گاندھی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار سمجھتی ہے۔دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب وزیر سیاحت اور کانگریس لیڈر راجیش کمار نے خبردار کیا کہ اگر ٹی وی کے نے ۲۰۲۹ء میںراہل گاندھی کو وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر حمایت نہیں دی تو وہ اور اعلیٰ تعلیم کے وزیر پی وشواناتھن اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے کر وجے کی کابینہ سے الگ ہوجائیں گے۔ اس لفظی جنگ کو ختم کرنے کے لیے تمل ناڈو کانگریس کے ریاستی صدر مانیکم ٹیگور اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ پروین چکرورتی نے سیکریٹریٹ میں وزیر اعلیٰ وجے سے ملاقات بھی کی۔وزیر وینکٹ رمنن نے کہاکہ ہمارے اراکین اسمبلی صرف اپنی خواہش اور ارادہ ظاہر کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب نے ڈاکٹر منال رضوان کو امن مذاکرات کیلئے خصوصی ایلچی مقرر کیا
کوئی بھی اپنی خواہش کا اظہار کرسکتا ہے۔ ابھی کافی وقت ہے اور۲۰۲۹ء کے قریب پہنچنے پر وجے کی قیادت والی حکومت اس معاملے پر مناسب فیصلہ کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹی وی کے کی اعلیٰ قیادت یا اس کے وزراء نے وجے کو عہدہ وزیر اعظم کا امیدوار قرار نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ’ٹی وی کے‘ کی اعلیٰ قیادت میں سے کسی نے بھی ایسا کچھ نہیں کہا ہے۔ وجے کو وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر پیش کرنا اراکین اسمبلی کی ذاتی رائے ہے، یہ ہماری پارٹی کا سرکاری موقف نہیں ہے۔ وینکٹ رمنن نے کہا کہ پارٹی کے اراکین اسمبلی صرف پورے ملک میں شفاف اور بدعنوانی سے پاک حکمرانی کو وسعت دینے کے مقصد سے وزیر اعلیٰ وجے کو آگے بڑھا رہے ہیں، کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ اچھی حکمرانی پورے ملک تک پہنچے۔