• Sun, 13 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ہندوستان دورے میں باندھا بالی ووڈ کا سماں

Updated: September 13, 2026, 4:03 PM IST | New Delhi

ملائیشیاکے وزیراعظم انور ابراہیم نے ہندوستان کے دورے کے دوران سفارتی مصروفیات کے درمیان بالی ووڈ موسیقی سے اپنی محبت کا ایک بار پھر اظہار کرتے ہوئے معروف گلوکارکشور کمارکا لازوال گیت ’’خواب ہو تم یا کوئی حقیقت‘‘ اپنی آواز میں گایا۔

 Narendra Modi And Anwar Ibrahim.Photo;PTI
نریندر مودی اور انورابراہیم۔ تصویر:پی ٹی آئی

ملائیشیاکے وزیراعظم  انور ابراہیم  نے ہندوستان کے دورے کے دوران سفارتی مصروفیات کے درمیان بالی ووڈ موسیقی سے اپنی محبت کا ایک بار پھر اظہار کرتے ہوئے معروف گلوکارکشور کمارکا لازوال گیت  ’’خواب ہو تم یا کوئی حقیقت‘‘  اپنی آواز میں گایا۔ ان کی یہ پرفارمنس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور ہندوستانی مداحوں نے ان کے اس انداز کو خوب سراہا۔ انور ابراہیم ان دنوں نئی دہلی میں برکس سمٹ ۲۰۲۶ء میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے منعقدہ برکس  گالا ڈنر  کے دوران کشور کمار کے مشہور گیت ’’خواب ہو تم یا کوئی حقیقت‘‘ پیش کیا۔ یہ گیت  ۱۹۶۵ء میں ریلیز ہونے والی فلم’’تین دیویاں‘‘ کا حصہ تھا، جسے کشور کمار نے اپنی منفرد آواز دی تھی۔ گیت کی موسیقی ایس ڈی برمن نے ترتیب دی تھی جبکہ اس کے بول مجروح سلطان پوری نے لکھے تھے۔ اس موقع پر انور ابراہیم نے نہ صرف گیت گایا بلکہ پوری دلچسپی اور جوش کے ساتھ اس لمحے سے لطف اندوز ہوتے بھی نظر آئے۔ ان کی اس غیر رسمی اور خوشگوار پرفارمنس نے برکس کی رسمی سفارتی سرگرمیوں کے درمیان ایک ثقافتی رنگ بھر دیا۔ ان کا گانا سن کر وہاں موجود افراد اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوب داد دی۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’کامیابی فوراً نہیں ملتی، کبھی کبھی صبر کے ساتھ انتظار بھی کرنا پڑتا ہے‘‘

انور ابراہیم کا ہندوستانی فلموں اور موسیقی سے لگاؤ نیا نہیں ہے۔ وہ اس سے قبل بھی کشور کمار کے گیت گا چکے ہیں۔  ۲۰۲۴ءمیں ہندوستان کے دورے کے دوران انہوں نے  ’’خواب ہو تم یا کوئی حقیقت‘‘  گیت گنگنایا تھا، جبکہ نئی دہلی میں اپنے الوداعی پروگرام کے دوران انہوں نے مکیش کا مقبول گیت **’’دوست دوست نہ رہا‘‘  بھی گایا تھا۔ 
ملائیشیا کے وزیراعظم نے ہندوستانی ثقافت اور سنیما سے اپنی دلچسپی کا اظہار کئی مواقع پر کیا ہے۔ فروری ۲۰۲۶ء میں وزیراعظم نریندر مودی کے ملائیشیا دورے کے دوران بھی انور ابراہیم کی ہندوستانی سنیما، خصوصاً جنوبی ہند کے لیجنڈری اداکار یم جی رام چندرن (ایم جی آر)سے وابستگی سامنے آئی تھی۔  حالیہ گیت کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ہندوستانی سوشل میڈیا صارفین نے انور ابراہیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک غیر ملکی سربراہ کا ہندوستانی موسیقی کے لازوال گیت کو اس انداز میں پیش کرنا دونوں ملکوں کے درمیان  ثقافتی اور عوامی روابط کی خوبصورت مثال ہے۔ ان کی تقریباً ڈیڑھ منٹ کی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور اسے بڑی تعداد میں لوگوں نے دیکھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:مالیگاؤں: محکمۂ صحت میں عارضی ملازمت کیلئے امیدواروں کی کثرت

انور ابراہیم کا یہ انداز اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ ہندوستان اور ملائیشیا کے تعلقات صرف سفارتی اور تجارتی معاملات تک محدود نہیں بلکہ  فلم، موسیقی اور ثقافت  بھی دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ برکس  جیسے عالمی سفارتی پلیٹ فارم پر کشور کمار کے گیت کی گونج نے انور ابراہیم کے ہندوستانی دورے کو ایک یادگار اور خوشگوار ثقافتی لمحہ بنا دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK