Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانو سُتار کے۶؍ وکٹ، ۶۰۰؍ ویں ٹیسٹ میںہندوستان کی یادگار فتح

Updated: August 20, 2026, 1:16 PM IST | Agency | Galle

پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن لنچ کے وقفے کے بعدہندوستان نے سری لنکا کو دوسری اننگز میں ۲۰۶؍رن پر سمیٹ کر میچ۱۶۵؍ رن سے اپنے نام کر لیا۔

The Indian team after winning the Test match. Picture: INN
ہندوستانی ٹیم ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد۔ تصویر: آئی این این

مانَو سُتار (چھ وکٹ) اور پرسدھ کرشنا (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن کھانے کے وقفے کے بعد سری لنکا کی پوری ٹیم کو دوسری اننگز میں ۲۰۶؍رن پر سمیٹ کر مقابلہ۱۶۵؍ رن سے اپنے نام کر لیا۔ یہ ہندوستان کی۶۰۰؍ویں ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح ہے۔اس سے قبل رویندر جڈیجہ اور پرسدھ کرشنا نے صبح کے سیشن میں ہندوستان کو دو کامیابیاں دلائیں جس کے باعث لنچ تک سری لنکا کا دوسری اننگز میں اسکور ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۷۵؍رن تھا۔

بدھ کو یہاں سری لنکا نے چار وکٹوں پر۸۴؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کپتان دھننجے ڈی سلوا اور سونل دینوشا نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکورکو ۱۵۶؍ رن تک پہنچایا۔۵۶؍ویں اووَر کی دوسری گیند پر رویندر جڈیجہ نے دھننجے ڈی سلوا کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو دن کی پہلی کامیابی دلائی۔ دھننجے ڈی سلوا  نے۱۵۱؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں کی مدد سے۵۹؍رن بنائے۔ اس کے بعد۶۰؍ویں اوور کی آخری گیند پر پرسدھ کرشنا نے نئے بلے باز نیروشن ڈکویلا(۱۰) کو وکٹ کیپر پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے ہندوستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔

یہ بھی پڑھئے: خیام کی موسیقی کلاسیکی رنگ لئے ہوئے ہوتی تھی

لنچ کے بعد مانَو سُتار نے سنچری کی جانب بڑھ رہے سونل دینوشا کو آؤٹ کرکے سری لنکا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ سونل دینوشا نے۱۲۸؍گیندوں پر۸؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد  سے۸۴؍رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد سُتار نے ۷۶؍ویں اووَر میں پربھات جے سوریہ اور لہِرو کمارا کو کھاتہ بھی کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ سُتار  نے ۷۸؍ویں اووَر کی چوتھی گیند پر کیشرا نووانتا(۲۰) کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی دوسری اننگز کا۲۰۶؍  رن پر خاتمہ کر دیا۔ہندوستان کی جانب سے مانَو سُتار  نے ۲۳ء۴؍ اوورز میں۵۶؍ رن دے کر۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ پرسدھ کرشنا کو ۲؍ وکٹ ملے جبکہ محمد سراج اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے۲؍ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ دیو دت پڈیکل کوشاندار ۱۶۷؍ رن کی اننگز کیلئےپلیئر آف دی میچ قراردیاگیا۔سُتار نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر۱۰؍ وکٹیں حاصل کیں۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ۲۸؍ اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

مختصر اسکور: ہندوستان پہلی اننگز:۴۶۲، دوسری اننگز: 

۱۹۳، سری لنکا پہلی  اننگز:۲۸۴، دوسری اننگز:۲۰۶

یہ بھی پڑھئے: تکارام منڈے کی ہدایت پر ممبئی کے اسکولوں کا مینو بدلا، جنک فوڈ پر پابندی

یہ جیت بے حد اطمینان بخش ہے: گل

ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھ من گل نے بدھ کو مانَو ستار اور دیودت پڈیکل کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف فتح بے حد اطمینان بخش ہے۔گل نے کہا کہ سُتار نے شاندار گیندبازی کی ہے۔ وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی نظر آتے ہیں ۔انہوں نے دیودت پڈیکل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سنچری بنانے کے بعد بھی جس طرح انہوں نے اننگز کو آگے بڑھایا اور ٹیم کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی، وہ مسابقتی پوزیشن اور مضبوط صورتحال کے درمیان فرق پیدا کرتا ہے۔

گیندبازمانو سُتارکے نام منفرد ریکارڈ

کریئر کے صرف دوسرے ہی میچ میں۱۰؍ وکٹیں لے کرمانوسُتار نے اپنا نام ایک خاص فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ وہ سب سے کم ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد ایک ہی ٹیسٹ میں ۱۰؍ وکٹیں لینے والے ہندوستان کے مشترکہ طورپر دوسرے  گیندباز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے، اکشر پٹیل اور لکشمن سیوراما کرشنن نے اپنے دوسرے ٹیسٹ میں۱۰؍ وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ نریندر ہیروانی نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ  میں ۱۶؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK