نیشنل کانفرنس پر بدعنوانی کے الزامات، عمرعبداللہ کا بی جے پی کوچیلنج۔
EPAPER
Updated: August 20, 2026, 2:02 PM IST | Agency | Srinagar
نیشنل کانفرنس پر بدعنوانی کے الزامات، عمرعبداللہ کا بی جے پی کوچیلنج۔
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس پر لگائے گئے بدعنوانی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو چیلنج دیا ہے کہ اگر اس کے پاس کسی دھاندلی کے ثبوت ہیں تو وہ اپنے کنٹرول والی تحقیقاتی ایجنسیوں سے معاملے کی جانچ کرا سکتی ہے۔ عمر عبداللہ نے بدھ کی صبح یہاں مختلف حصوں کا دورہ کر کے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرنے اور اہم شہری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے یہ بات کہی۔
یہ بھی پڑھئے:نوجوان نسل کو نشے کی لت میں مبتلا ہونے سے پہلے ہی روکا جائے: دیویندر فرنویس
وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے بدعنوانی کے الزامات پر بی جے پی کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کے پاس کسی بھی تحقیقاتی ایجنسی کا کنٹرول نہیں ہے اور وہ کسی دھاندلی کو نہیں چھپا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’اگر ایک پل کے لیے بھی ہم یقین کر لیں کہ وہ جو کہہ رہے ہیں وہ صحیح ہے تو ہمارے پاس چھپانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔‘‘انہوں نے الزامات کی بنیاد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا، ’’میں کسی بھی تحقیقاتی ایجنسی کو کنٹرول نہیں کرتا۔ میرے پاس پولیس نہیں ہے، کرائم برانچ بھی نہیں ہے اور اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) بھی نہیں ہے۔ مرکزی ایجنسیوں کی تو بات ہی بہت دور کی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تحقیقاتی ایجنسی نے معاملے میں بدعنوانی کی بات نہیں کہی ہے۔ بی جے پی ان پر بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تمل ناڈو کے اراکین اسمبلی کیلئے مختلف سہولیات کا وعدہ
وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’مجھے بتائیے کہ کس ایجنسی نے کہا ہے کہ اس معاملے میں بدعنوانی ہوئی ہے۔ مرکزی ایجنسیوں پر بی جے پی کا کنٹرول ہے۔ آپ جانچ کر سکتے ہیں۔ اگر بدعنوانی ہوئی ہے تو معاملہ درج کر سکتے ہیں لیکن یہ بے بنیاد الزامات بلاوجہ نہ لگائیں۔‘‘قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی جموں کشمیر اکائی نے پچھلی تعنیاتیوں، بدعنوانی اور حکومت سے جڑے مسائل کے تئیں نیشنل کانفرنس حکومت کے خلاف۳۱؍ اگست کو سیکریٹریٹ گھیراؤکرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ سرینگر میں حال ہی میں ہوئی بھاری بارش کے بعد پانی جمع ہونے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے اسے طویل عرصے سے چلا آ رہا مسئلہ بتایا اور کہا کہ اس کا حل فوراً نہیں کیا جا سکتا۔