• Mon, 03 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایمباپے کا ڈبل دھماکہ، ریئل میڈرڈ نے ویلنسیا کو ہرادیا

Updated: November 03, 2025, 12:00 PM IST | Agency | Madrid

لا لیگا میں ریئل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴۔صفر سے کامیابی حاصل کی۔

Star footballer Kylian Mbappe scored 2 goals for Real Madrid against Valencia. Photo: INN
اسٹار فٹبال کھلاڑی کائلین ایمباپے نے ویلنسیا کے خلاف ریئل میڈرڈ کےلئے ۲؍گول کئے۔ تصویر: آئی این این
کائلین ایمباپے کی شاندار کارکردگی کی بدولت ریئل میڈرڈ نے ہسپانوی لیگ لا لیگا میں ویلنسیا کو۴۔صفر  سے شکست دے دی۔ اس جیت میں ایمباپے نے ۲؍ گول کئے۔ ایمباپے اس سیزن میں ۱۷؍ میچوں میں ۲۱؍گول کر چکے ہیں۔ 
میچ سے ایک دن پہلے ایمباپے کو پچھلے سیزن میں یوروپین فٹبال کے ٹاپ گول اسکورر رہنے پر گولڈن بوٹ ایوارڈ دیا گیا تھا، جسے انہوں نے میچ کے دوران دکھایا۔ ایمباپے نے سینٹیاگو برنابیو میں کھیلے گئے مقابلے میں ۱۹؍ویں منٹ میں پنالٹی اسپاٹ سے گول کیا اور اس کے بعد کھیل کے ۳۱؍ویں منٹ میں میڈرڈ کی برتری کو دگنا کر دیا۔ 
ہاف ٹائم سے پہلے میڈرڈ کو دوسری پنالٹی ملی تو ونیسیس جونیئر نے اسے لینے کے لئے قدم بڑھایا، حالانکہ ویلنسیا کے گول کیپر جولین ایگیرے زابالا نے ان کی کوشش کو ناکام کردیا۔اس کے کچھ ہی دیر بعد جوڈ بیلنگھم نے میڈرڈ کیلئے تیسرا گول کیا۔ جبکہ الوارو کیریراس نے کھیل کے۸۲؍  ویں منٹ میں گول کر کے ریئل میڈرڈ کا اسکور چار۔صفر کر دیاجو آخر تک برقرار رہا۔ویلنسیا کی  جانب سے کھلاڑیوں نے گول کرنے کی کوشش ضرور کی لیکن ناکام رہے۔
گریزمن نے کیا ۲۰۰؍واں گول
اینٹونی گریزمن نے اپنا ۲۰۰؍واں لا لیگا گول کر کے ایٹلیٹکو میڈرڈ کو سیویا کے خلاف تین صفرسے فتح دلائی۔ انہوں نے ۹۰؍ویں منٹ میں یہ یادگار گول کیا۔ اس جیت کے بعد ایٹلیٹکو پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
آرسنل اور لیورپول جیتے، یونائیٹڈ نے ڈرا کھیلا
آرسنل کی جیت کا سلسلہ جاری ہے اور لیورپول کی ہار کا سلسلہ بالآخر ختم ہو گیا۔ میکل آرٹیٹا کی ٹیم آرسنل نے  برنلے کے خلاف  دوصفرسے جیت درج کر کے پریمیر لیگ میں ٹاپ پر اپنی برتری ۷؍ پوائنٹس کر لی۔ لیورپول نے بھی ایسٹن ولا کے خلاف دوصفر سے جیت حاصل کر کے ۴؍ میچوں میں ہار کا سلسلہ ختم کیا۔ محمد صلاح نے کلب کیلئے اپنا ۲۵۰؍واں گول کیا۔
ادھر مانچسٹر یونائیٹڈ دوسرے نمبر پر آنے کا موقع گنوا بیٹھا اور ناٹنگھم فاریسٹ میں ۲۔۲؍سے ڈرا کھیلا۔ وہیں چیلسی نے ٹوٹنہم کو ایک صفر سے ہرایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK