Inquilab Logo

میسی نے صلاحیت ، جدوجہد اور خواب پر یقین رکھنا سکھادیا

Updated: December 20, 2022, 1:50 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

مسلسل ۳؍بڑے فائنل میں شکست کے بعد حوصلہ نہ ہارتے ہوئے لیونل میسی نے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کااپنا خواب شرمندۂ تعبیر کیا

fifa world cup photo;INN
فیفا ورلڈ کپ تصویر :آئی این این

کنگ خان شاہ رخ خان نے لیونل میسی کیلئے ایک خوبصورت پیغام ٹویٹر پر لکھا تھا جس کی آخری سطر یہ تھی کہ شکریہ میسی، آپ نے ہمیں صلاحیت ، جدوجہد اور خواب پر یقین رکھنے کا سبق دیا۔  شاہ رخ خان کی یہ بات  بالکل صحیح معلوم ہوتی ہے کیونکہ لیونل میسی کو یہ کامیابی اچانک  نہیں ملی ہے بلکہ فیفا ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے سے قبل انہیں ۲۰۱۴ء کے فیفا ورلڈ کپ فائنل، اس کے بعد کوپا امریکہ کے۲؍فائنل میں انہیں شکست ہوئی تھی۔وہ کوشش کرتے رہے اور انہوں نے بالآخر ۲۰۲۲ء میں قطر میں ورلڈ ٹرافی اٹھائی۔
 برازیل میں ۲۰۱۴ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں انہیں شکست ہوئی تھی۔ جرمنی نے ارجنٹائنا کو ۰۔۱؍ گول سے شکست دے کر ان کے خواب کو چکنا چور کردیا تھا۔ اس کے اگلے سال ہی کوپا امریکہ کا مقابلہ ہوا اور اسے فائنل میں چلی کے ہاتھوں شکست ہوئی ۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چلی نے اسے ۱۔۴؍ گول سے ہرا دیا تھا۔ ۲۰۱۶ء کے کوپا امریکہ کے فائنل میں بھی چلی نے اسے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ۲۔۴؍ گول سے ہرا دیا۔ تاہم گزشتہ سال ارجنٹائنا ایک بار پھر کوپاامریکہ کے فائنل میں پہنچا اور اس نے اپنے روایتی حریف برازیل کو اس کے میدان پر شکست دی تھی۔ 
 ۲۰۲۱ء کے کوپاامریکہ کے فائنل کی جیت سے قبل لیونل میسی کی ناکامی پر بہت سے ماہرین نے تنقید کی تھی اور انہیں فٹبال سے الگ ہونے کامشورہ دیا تھا۔۲۰۱۴ء کے بعدسے میسی ماہرین کی تنقیدوں کی زد پر تھے اور انہوں نے فٹبال سے سبکدوشی کا اعلان بھی کردیا تھالیکن ڈیگو میراڈونااورارجنٹائنی صدر کی منت و سماجت کے بعدلیونل میسی نے اپنی سبکدوشی کا فیصلہ تبدیل کردیا اور اس کے بعد اپنی ٹیم کو ورلڈچمپئن بنانے کا فیصلہ کیا۔اس کے بعد سے ہی وہ مسلسل محنت کرتے رہے اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ سے لے کر جنوبی امریکہ کے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ بھی کیا۔
 لیونل میسی نے ۱۹۹۳ء کے بعد ارجنٹائنا کو گزشتہ سال کوپاامریکہ کا چمپئن بنایا ۔ کوپاامریکہ ۲۰۲۱ء کے فائنل میں سبھی برازیل کو فیوریٹ قرار دے رہے تھے لیکن           ارجنٹائنا نے کامیابی حاصل کرلی تھی۔ میسی  نے اپنے کریئر میں پہلی بارباوقار ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں  ارجنٹائنا کی ٹیم کو اتنا مضبوط بنا دیا کہ یہ ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں کمزور سعودی عرب سے ۱۔۲؍ گول سے ہار نے کے باوجود  فائنل میں داخل ہوئی اور اس نے فائنل میں دفاعی چمپئن فرانس کو مات دے کر ۳۶؍سال کے بعد فیفا ورلڈ کپ پر قبضہ کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے ورلڈکپ پر سے یورپ کی اجارہ داری ختم کردیا۔لیونل میسی کے وارڈراب میں فٹبال کے سبھی ٹورنامنٹ کی ٹرافیزموجود تھیں اورصرف ایک باوقار ٹرافی ورلڈ کپ کی کمی تھی اوریہ ٹرافی بھی میسی نے دوحہ میں ہونے والے ورلڈ کپ  میں جیت لی۔ ہمارے خیال میں انہیں ’گریٹیسٹ آف آل ٹائم ‘ ایسے ہی نہیں کہتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK