Updated: October 31, 2026, 1:58 PM IST
|
Agency
اولمپک تمغہ فاتح میرابائی چانو کمر میں موچ کے باعث چین کے ننگبو میں جاری عالمی ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکیں۔ میرابائی کو خواتین کے ۵۳؍ کلوگرام زمرے میں شرکت کرنی تھی جبکہ وہ اس سے قبل عموماً ۴۸؍ یا ۴۹؍ کلوگرام زمرے میں مقابلہ کرتی رہی ہیں۔
ہندوستانی ویٹ لفٹرمیرا بائی چانو۔ تصویر: آئی این این
اولمپک تمغہ فاتح میرابائی چانو کمر میں موچ کے باعث چین کے ننگبو میں جاری عالمی ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکیں۔ میرابائی کو خواتین کے ۵۳؍ کلوگرام زمرے میں شرکت کرنی تھی جبکہ وہ اس سے قبل عموماً ۴۸؍ یا ۴۹؍ کلوگرام زمرے میں مقابلہ کرتی رہی ہیں۔ مقابلے سے قبل صبح وارم اپ کے دوران میرابائی کی کمر میں موچ آ گئی، جس کے بعد انہوں نے مقابلے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔ ۳۲؍ سالہ ہندوستانی ویٹ لفٹر نے لاس اینجلس ۲۰۲۸ء اولمپکس کیلئے مقرر خواتین کے۶؍ ویٹ کیٹیگریز میں سب سے کم وزن والے ۵۳؍کلوگرام زمرے میں منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
میرابائی ۴۸؍ کلوگرام زمرے میں سابق عالمی چمپئن رہ چکی ہیں اور گزشتہ سال اسی زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ ٹوکیو ۲۰۲۰ء اولمپکس اور ۲۰۲۲ء کی عالمی چمپئن شپ میں انہوں نے ۴۹؍ کلوگرام زمرے میں چاندی کے تمغے حاصل کئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے:رابن اتھپا ممبئی انڈینس کے بلے بازی کوچ مقرر
ان کی دیگر بڑی کامیابیاں بھی انہی دونوں زمروں میں رہی ہیں۔ ۲۰۲۲ء میں سنگاپور میں منعقدہ ایک مقابلے میں انہوں نے ۵۵؍کلوگرام زمرے میں بھی حصہ لیا تھا۔
چوٹ کے باعث میرابائی اس سال کے آغاز میں ایشین چمپئن شپ میں بھی حصہ نہیں لے سکی تھیں، تاہم انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء میں طلائی تمغہ جیتا۔ اس کے بعد گزشتہ ماہ ناگویا میں منعقدہ ایشین گیمز میں انہوں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ننگبو میں مقابلہ نہ کر پانا لاس اینجلس ۲۰۲۸ء اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے کی ان کی کوششوں کیلئے بڑا جھٹکا ثابت ہو سکتا ہے۔ننگبو میں جاری عالمی چمپئن شپ لاس اینجلس ۲۰۲۸ء اولمپکس کیلئے ہونے والے ۱۰؍کوالیفائنگ مقابلوں میں پہلا مقابلہ ہے۔ان مقابلوں کے نتائج ویٹ لفٹرز کی اولمپک کوالیفکیشن رینکنگ (او کیو آر) میں شامل ہوں گے، جس کی بنیاد پر اولمپکس کیلئے کوٹے طے کئےجائیں گے۔ او کیو آر میں اہل رہنے کیلئے ویٹ لفٹرز کو پہلے کوالیفکیشن مرحلے کے دوران اپنی اولمپک ویٹ کیٹیگری میں اسنیچ اور کلین اینڈ جرک کے مجموعی طور پر ۳؍ نتائج جبکہ دوسرے مرحلے میں ۲؍ نتائج درج کرانے ہوں گے۔او کیو آر میں پہلے مرحلے کے ۳؍ بہترین اور دوسرے مرحلے کے ۲؍ بہترین مجموعی نتائج شمار کئے جائیں گے، جہاں ایک کلوگرام ایک رینکنگ پوائنٹ کے برابر ہوگا۔ حتمی او کیو آر میں ہر اولمپک ویٹ کیٹیگری کے ٹاپ ۸؍ اہل ویٹ لفٹرز کو لاس اینجلس ۲۰۲۸ءکیلئے کوٹہ ملے گا۔ننگبو میں میرابائی کو خواتین کے ۵۳؍کلوگرام زمرے کے گروپ’ بی ‘میں مقابلہ کرنا تھا۔