• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مشیل اور مشیل نے ہندوستان کا بیڑہ غرق کردیا

Updated: March 20, 2023, 1:30 PM IST | Visakhapatnam

دوسرے یکروزہ میچ میں آسٹریلیا کی ۱۰؍وکٹ سے فتح۔ مشیل اسٹارک نے ۵؍وکٹ لئے۔ مشیل مارش کی کارآمد نصف سنچری

photo;INN
تصویر :آئی این این

آسٹریلیا نے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز مشیل اسٹارک (۵۳/۵) کی جارحانہ گیند بازی کے بعد مشیل مارش (ناٹ آؤٹ ۶۶؍رن) اور ٹریوس ہیڈ ( ناٹ آؤٹ ۵۱؍رن)کی دھماکہ خیز نصف سنچریوں کی بدولت اتوار کو دوسرے ون ڈے میں ہندوستان کو۱۰؍ وکٹ سے روندکر ۳؍ میچوں کی سیریز ۱۔۱؍ سے برابر کر دی۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان ۱۱۷؍ رن پر آل آؤٹ ہوگیا جو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں اس کا سب سے کم اسکور ہے۔ آسٹریلیا نے۱۱۸؍ رن کا ہدف صرف ۱۱؍  اوورمیں بغیر نقصان کے ۱۲۱؍رن بناکر حاصل کر لیا۔
 ہندوستان کی جانب سے وراٹ کوہلی نے۳۵؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ۳۱؍ رن بنائے جبکہ اکشر پٹیل۲۹؍گیندوں پر۲۹؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ میزبان ٹیم کے ۷؍ بلے باز  دُہرے عدد کو بھی نہ چھو سکے۔
 آسٹریلوی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے مارش اور ہیڈ نے۶۶؍ گیندوں پر۱۲۱؍ رن کی ناٹ آؤٹ شراکت کر کے کینگروز کو فتح دلائی۔ ہندوستان کے خلاف آسٹریلیا کی یہ سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل کینگروز نے ۲۰۲۰ء میں ممبئی میں ہندوستان کو۱۰؍ وکٹ سے شکست دی تھی، حالانکہ اس وقت آسٹریلیا نے ہدف حاصل کرنے میں۳۷ء۴؍ اوورس کا وقت لیا تھا۔ آسٹریلیا کی تاریخی جیت میں مارش نے ۳۶؍ گیندوں پر۶؍ چوکوں اور ۶؍ چھکوں کی مدد سے شاندار ۶۶؍رن بنائے جبکہ ہیڈ نے ۳۰؍ گیندپر ۱۰؍ چوکوں کی مدد سے۵۱؍ رن بنائے۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی تیسری سب سے بڑی جیت بھی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ۲۲؍ مارچ کو چنئی کے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
 وشاکھاپٹنم میں ملنے والی سوئنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسٹارک آسٹریلیا کی بڑی فتح کے ہیرو رہے، جنہوں نے۸؍ اوورس میں۵۳؍ رن کے عوض۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے اپنے ون ڈے کریئر میں ۹؍ ویں مرتبہ ۵؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ شان ایبٹ نے ۶؍ اوورس میں۲۳؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل  کئے  جبکہ ناتھن ایلس نے ۵؍ اوورس میں۱۳؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے۔ آسٹریلیا نے دو دن تک بارش سے بھیگی وشاکھاپٹنم کی پچ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹاس جیت کر  گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ اسٹارک نے کپتان اسٹیو اسمتھ کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں صفر رن کے اسکور پر شبھمن گل کو پویلین بھیج دیا۔ روہت شرما نے اسٹارک اور کیمرون گرین کی گیند پر ایک ایک چوکا لگایا لیکن وہ آف اسٹمپ کے باہر جانے والی گیند کو مارنے کی کوشش میں سلپ پر کیچ ہو گئے۔ اسٹارک نے اگلی ہی گیند پر سوریہ کمار یادو کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ اس نے اپنی سوئنگ سے کوہلی کو بھی پریشان کیا، لیکن کوہلی نے شاندار دفاع کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو ایک سرے پر روک دیا۔ پاور پلے کے اختتام سے ایک اوور پہلے کے ایل راہل (۹) اسٹارک کا شکار ہو گئے جبکہ ایبٹ نے۱۰؍ویں اوور میں اسمتھ کے سنسنی خیز کیچ کی بدولت ہاردک پانڈیا کو آؤٹ کیا۔ ورلڈ کپ۲۰۱۹ء کے سیمی فائنل کے بعد پہلی بار ہندوستان نے۱۰؍ اوورس میں ۴؍ یا اس سے زیادہ وکٹ گنوائے تھے۔ اس دوران کوہلی نے ہندوستانی اننگز کو مضبوط کیا اور دوسرے کنارے سے رویندر جڈیجا کی حمایت حاصل کی۔ دونوں کے درمیان چھٹے وکٹ کیلئے۲۲؍ رن کی شراکت ہوئی جب ایلس نے کوہلی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ ایلس نے اپنے اگلے اوور میں جڈیجا (۳۹؍ گیندوں،۱۶؍ رن) کو بھی پویلین لوٹا دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK