• Wed, 03 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بارڈر گاوسکر ٹرافی اورایشیزکی اہمیت یکساں ہے‘‘

Updated: August 22, 2024, 11:38 AM IST | Sydney

آسٹریلوی گیندباز اسٹارک نے کہا: ہم ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کو نہ صرف شکست دینا چاہتے ہیں بلکہ کلین سویپ کرنا چاہتے ہیں ۔

Fast bowler Mitchell Starc. Photo: INN.
تیز گیند باز مشیل اسٹارک۔ تصویر: آئی این این۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر مشیل اسٹارک کا ماننا ہے کہ ہندوستان کے خلاف بارڈر گاوسکر ٹرافی میں ۳؍ دہائیوں میں پہلی بار ۵؍ ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے، جس سے یہ سیریز ان کی ٹیم کے لئے باوقار ایشیز جیسی اہم ہوگی۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان نومبر میں شروع ہونے والی اہم سیریز میں ۹۲۔ ۱۹۹۱ء کے بعد پہلی بار ۵؍ ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ 
اسٹارک نے کہاکہ ’’ `اس بار یہ ۵؍ میچوں کی سیریز ہوگی، جو اسے ایشیز سیریز کی طرح اہم بناتی ہے۔ آسٹریلیا نے۱۵۔ ۲۰۱۴ء سے بارڈر گاوسکر ٹرافی نہیں جیتی ہے جبکہ ہندوستان اس دوران لگاتار ۴؍ سیریز جیت چکا ہے۔ ‘‘ اس عرصے میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو اس کی ہی سرزمین پر۱۹۔ ۲۰۱۸ء اور۲۱۔ ۲۰۲۰ءمیں دو بار شکست دی ہے۔ اسٹارک نہ صرف سیریز جیتنے کا ارادہ رکھتے ہیں بلکہ وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم کلین سویپ کرے، خاص طور پر یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہے۔ 
ہندوستانی ٹیم بہت مضبوط ہے 
آسٹریلوی تیز گیندباز نے کہا کہ `ہم اپنی سرزمین پر ہر میچ جیتنا چاہتے ہیں اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم بہت مضبوط ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ ٹیبل میں ہندوستان اس وقت پہلے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا دوسرے نمبر پر۔ اسٹارک نے کہاکہ `ہندوستان اور آسٹریلیا اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پر ہیں۔ اس لئے شائقین اور یقیناً کھلاڑیوں کیلئے یہ ایک بہت ہی دلچسپ سیریز ہونے والی ہے۔ امید ہے۸؍ جنوری کو ٹرافی ہمارے ہاتھ میں ہوگی۔ 
اسٹارک نے ریٹائرمنٹ پرکیا کہا؟ 
مشیل اسٹارک۱۰۰؍ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے صرف۱۱؍ میچوں کی دوری پر ہیں اور بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کا ابھی طویل مدتی فارمیٹ سے ریٹائرڈ ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ `جب بھی مجھے بیگی گرین کیپ پہننے کا موقع ملتا ہے، یہ بہت خاص ہوتا ہے۔ امید ہے کہ ہم سمر سیشن میں پانچوں ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔ جہاں تک۱۰۰؍ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا تعلق ہے تو یہ یقیناً بہت خاص ہوگا۔ 
ٹیسٹ کرکٹ کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے
اسٹارک اگلے ماہ محدود اوورس کی سیریز کیلئے انگلینڈ جائیں گے اور پھر بارڈر گاوسکر ٹرافی کی تیاری کیلئے نیو ساؤتھ ویلز کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ `ٹیسٹ کرکٹ میرے لئے ہمیشہ سے اہم رہا ہے۔ ہمیں اگلے سیزن میں ۷؍ ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔ ان میں سے ۵؍ ہندوستان کے خلاف اور دو سری لنکا کے خلاف ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK