• Wed, 22 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ ، میکسیکو، جمائیکا اور کوسٹاریکا فیفاویمنز ورلڈ کپ۲۰۳۱ءکے مشترکہ میزبان

Updated: October 21, 2025, 9:02 PM IST | New York

امریکہ نے۲۰۳۱ء کے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے اپنی میزبانی کی باضابطہ بولی کا اعلان کر دیا ہے جس میں اس کے ساتھ میکسیکو، جمائیکا اور کوسٹاریکا بھی شریک ہوں گے۔

Fifa World Cup.Photo:INN
فیفا ورلڈ کپ۔ تصویر:آئی این این

 امریکہ  نے۲۰۳۱ء کے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے اپنی میزبانی کی باضابطہ بولی کا اعلان کر دیا ہے جس میں اس کے ساتھ میکسیکو، جمائیکا اور کوسٹاریکا بھی شریک ہوں گے۔ای ایس پی این کے مطابق نیویارک کے مڈٹاؤن مینہیٹن میں واقع سولو بلڈنگ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں چاروں ممالک کی فٹبال فیڈریشنز نے اس اشتراک کی تصدیق کی۔  

یہ بھی پڑھئے:بی سی سی آئی نے محسن نقوی کو خبردار کیا:ایشیا کپ ٹرافی ہندوستان کے حوالے کرنے کا انتباہ دیا


۲۰۳۱ء کا ویمنز ورلڈ کپ خواتین کے فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا کیونکہ اس میں پہلی بار ۴۸؍ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ فیفا کونسل نے مئی میں ایک متفقہ ووٹ کے ذریعے ٹیموں کی تعداد کو۳۲؍ سے بڑھا کر ۴۸؍ کرنے کی منظوری دی تھی۔امریکی فٹبال فیڈریشن کی صدر سنڈی پارلو کون نے اس موقع پر کہا کہ چار ممالک کی یہ شراکت داری خطے کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم میکسیکو، کوسٹاریکا اور جمائیکا کے ساتھ مل کر یہ بولی لگا رہے ہیں۔ ہمارا ہدف ہے کہ ہم خواتین کے کھیل کے لیے ایک ایسا ورثہ چھوڑیں جو۲۰۳۱ء سے کہیں آگے تک اثر انداز ہو۔۲۰۳۱ء کا ٹورنامنٹ امریکہ کے لیے تیسری مرتبہ ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی کا موقع ہوگا۔ اس سے قبل وہ ۱۹۹۹ء اور۲۰۰۳ء میں بھی میزبان رہ چکا ہے جو کہ کسی بھی ملک سے زیادہ ہے۔ 
یہ مشترکہ میزبانی اس تناظر میں بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کہ جمائیکا پہلی بار فیفا ورلڈ کپ میچ کی میزبانی کرے گا۔جمائیکا فٹبال فیڈریشن کے صدر مائیکل ریکٹس نے اس موقع کو اپنی قوم کے لیے غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ ہمارے لیے محض کھیل کا موقع نہیں بلکہ قومی فخر کی بات ہے۔ ہم ایک یادگار تجربہ کے لیے پرجوش ہیں۔یہ مشترکہ بولی فی الحال بلامقابلہ ہے  اور توقع ہے کہ فیفا اسے باضابطہ طور پر ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۶ءکو وینکوور، برٹش کولمبیا میں ہونے والے فیفا کانگریس میں منظور کرے گا۔ 
ٹورنامنٹ کے دوران کل۱۰۴؍ میچز کھیلے جائیں گے اور امریکہ کے اندر۳۰؍ سے زائد شہروں نے میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ میزبان شہروں کا حتمی فیصلہ ممکنہ طور پر ۲۰۲۷ء میں متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK