Inquilab Logo

متالی راج خواتین کے آئی پی ایل میں کھیلنے کی خواہاں

Updated: July 26, 2022, 1:42 PM IST | Agency | New Delhi

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان آئی پی ایل کیلئے ریٹائرمنٹ سے باہر آنے کا فیصلہ کر سکتی ہیں

Mithali Raj .Picture:INN
متالی راج۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کی شاندار بلے باز اور سابق کپتان  متالی راج نے خواتین کے آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں کھیلنے کیلئے ریٹائرمنٹ سے واپس آنے کا اشارہ دیا ہے۔واضح رہے کہ خواتین کے آئی پی ایل کا ۶؍ٹیموں کے ساتھ انعقاد آئندہ سال شروع ہونے کی امید ہے۔یاد رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار کھلاڑی متالی راج نے اسی سال جون میں تمام فارمیٹ کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔حالانکہ انہوںنے خواتین کے آئی پی ایل میں کھیلنے کے اپنے تمام متبادل کھلے رہے ہیں۔ ٹیم انڈیا کی سابق کپتان نے کہا ’’میں آئی پی ایل میں کھیلنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن میں اس میں کھیل سکتی ہوں۔خواتین کے آئی پی ایل کے انعقاد میں ابھی کچھ مہینوں کا وقت ہے۔میں نے اس میں شرکت کے تعلق سے تمام متبادل کو کھلارکھا ہے۔اگر مجھے موقع ملا تو میں اس میں ضرور کھیلنا چاہوںگی۔‘‘ انہوںنے نامہ نگارو ں کے ساتھ بات چیت کے دوران اپنے ۲۳؍سالہ کریئر  اور ۱۶؍ سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کی کھلاڑی شیفالی ورما کے تعلق سے دلچسپ معلومات فراہم کیں۔انہوںنے کہا کہ ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑی انہیں ہمیشہ بہتر کرنے کی ترغیب دیتے رہے ہیں۔انہوںنے کہا ’’ شیفالی ورما کے کھیل کی میں بہت بڑی مداح ہوں۔وہ ایسی کھلاڑی ہیں جو ہندوستان کےلئے مخالف ٹیم کے کسی بھی بولنگ اٹیک کو بکھیر سکتی ہیں۔وہ اکیلے اپنے دم پر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔‘‘ متالی راج نے شیفالی ورما کے تعلق سے مزید کہا کہ’’جب میں نے شیفالی کو ایک گھریلو میچ کے دوران دیکھا تھا ۔انہوںنے ریلوے کے خلاف ہاف سنچری بنائی تھی۔اس دوران مجھے ان میں ایک ایسے کھلاڑی کی جھلک دکھائی دی جو اکیلے اپنے دم پر میچ کا رخ پلٹنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔جب وہ چیلنجر ٹرافی(۲۰۱۹ء) کے پہلے سیزن میں کھیل رہی تھیں تو وہ میری ٹیم میں شامل تھی۔میں نے ان میں اس دوران کایفی تبدیلی دیکھی اور مجھے لگا کہ ان میں کافی بہتری آئی ہے۔وہ کسی بھی گیندبازی اٹیک کے خلاف جارحانہ بلے بازی کرنے میں یقین رکھتی  ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK