Updated: February 26, 2026, 1:58 PM IST
| Tel Aviv
وزیر اعظم نریندر مودی کے دو روزہ اسرائیل دورے کے دوران اہم دفاعی معاہدوں پر پیش رفت، کنیسٹ سے تاریخی خطاب اور ’’اسپیکر آف دی کنیسٹ‘‘ اعزاز نمایاں رہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے مشترکہ عشائیے سے قبل روایتی ہندوستانی لباس پہن کر مودی کو حیران بھی کیا۔
نریندر مودی اور نیتن یاہو۔ تصویر:پی ٹی آئی
۲۵؍ فروری کو شروع ہونے والے دو روزہ دورے میں وزیراعظم ہند نریندر مودی اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوئے۔ ذرائع کے مطابق، دونوں ممالک آئرن ڈوم، آئرن بیم اور جدید میزائل نظام کے لیے ٹیکنالوجی ٹرانسفر سے متعلق مفاہمت ناموں پر پیش رفت کر رہے ہیں۔ دفاع، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو اس دورے کا مرکزی محور قرار دیا گیا۔
مشترکہ عشائیہ: نیتن یاہو صدری میں
اسی شام مشترکہ عشائیے سے قبل ایک غیر رسمی لمحہ بھی سامنے آیا۔ وزیر اعظم نیتن یاہو نے صدری پہن کر وزیر اعظم مودی کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔نیتن یاہو نے ایکس پر لکھا کہ ’’ہمارے مشترکہ عشائیے سے پہلے، میں نے اپنے دوست وزیر اعظم مودی کو روایتی ہندوستانی لباس پہن کر حیران کر دیا۔‘‘ یہ پوسٹ ہندی زبان میں کیا گیا، جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
مودی کا کنیسٹ سے خطاب
بدھ کو وزیر اعظم مودی اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ سے خطاب کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم بن گئے۔ کنیسٹ میں داخلے پر قانون سازوں نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا اور ان کے نام کے نعرے لگائے۔ اپنی تقریر کے آغاز میں مودی نے کہاکہ ’’مَیں ۴ء۱؍ بلین ہندوستانیوں کی مبارکباد لے کر آیا ہوں۔‘‘ انہوں نے ۷؍ اکتوبر کے حملے پر کہا کہ ’’دہشت گردی سے ہر جگہ امن کو خطرہ ہے۔‘‘ انہوں نے اسرائیل کے معاہدہ ابراہیمی پر ’’جرات اور وژن‘‘ کی تعریف کی اور حیفہ میموریل کے لیے اسرائیل کا شکریہ ادا کیا۔
مودی کو اسپیکر آف دی کنیسٹ میڈل
تقریب کے دوران وزیر اعظم مودی کو کنیسٹ کے اعلیٰ ترین اعزاز ’’اسپیکر آف دی کنیسٹ میڈل‘‘ سے نوازا گیا۔ مودی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ اعزاز دونوں ممالک کی پائیدار دوستی اور مشترکہ جمہوری اقدار کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل قدیم تہذیبی روابط کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی، اختراع، دفاع، زراعت، پانی کے انتظام اور پائیداری میں مضبوط شراکت داری رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:کیرالا ہائی کورٹ کو فرقہ وارانہ خدشات ، ’’دی کیرالا اسٹوری ۲‘‘ کی ریلیز روکی گئی
نیتن یاہو کا خطاب: ’’دوست سے بڑھ کر بھائی‘‘
پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:میں یہ کہنے کی کوشش کروں گا کہ ایک دوست، ایک بھائی سے زیادہ۔‘‘ انہوں نے بحیرہ روم کے ساحل پر اپنی سابق ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا: ’’ہم نے صرف ساحل پر چہل قدمی نہیں کی، لیکن اس کے بعد سے ہم نے معجزے دکھائے ہیں۔ کیونکہ ہم نے اپنی تجارت کو دوگنا اور سمجھ بوجھ کو تین گنا بڑھایا ہے۔‘‘ نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل ’’انتہا پسند شدت پسندوں کے مقابلے میں آہنی اتحاد‘‘ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اسرائیل پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، اور ہندوستان پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:امدادی تنظیموں کی اسرائیلی عدالت سے فلسطین میں کام پر پابندی ختم کرنے کی اپیل
تعلقات کی وسعت
وزیر اعظم مودی نے اسرائیل میں ہندوستانی برادری اور ہندوستان میں یہودی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے بھارت کی حمایت کی پیشکش کی۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بھارت اور اسرائیل کے دفاعی اور ٹیکنالوجی تعلقات مسلسل گہرے ہو رہے ہیں، اور دونوں ممالک عالمی سطح پر اسٹریٹجک ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔