دوسرے میچ میں انگلینڈ کی فتح سے ٹی ۲۰؍ سیریز ایک ۔ایک سے برابر۔ مین آف دی میچ معین نے ۳؍وکٹ لئے
Updated: January 25, 2022, 12:37 PM IST | Agency | Bridgetown
دوسرے میچ میں انگلینڈ کی فتح سے ٹی ۲۰؍ سیریز ایک ۔ایک سے برابر۔ مین آف دی میچ معین نے ۳؍وکٹ لئے
ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ۲۰؍ میچ کافی سنسنی خیز رہا۔ انگلینڈ کی ٹیم لگاتار دوسرا ٹی ۲۰؍ ہارنے سے بال بال بچ گئی۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا اور مہمان ٹیم ایک رن سے جیت گئی۔ اس دلچسپ میچ میں انگلینڈ کی جیت کے ہیرو آل راؤنڈر معین علی رہے۔ معین نے انگلینڈ کی اس جیت میں گیند اور بلے سے اہم کردار ادا کیا۔ دوسرا میچ جیتنے کے بعد انگلینڈ نے ۵؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز میں۱۔۱؍ سے برابری حاصل کرلی ہے۔ پہلے میچ میں انگلینڈ کو۹؍ وکٹوں سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ۲۰؍ اوور میں۸؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۷۱؍ رن بنائے۔ جیسن رائے۶؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۴۵؍ رن بنا کر ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کے علاوہ معین علی نے ۲۴؍ گیندوں پر۳۱؍ رن بنائے اور وہ ٹیم کے دوسرے ٹاپ اسکورر رہے۔ ۱۷۲؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں ونڈیز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور ٹیم نے ۶؍ رن پر دونوں اوپنرس کے وکٹ گنوادیئے۔ گزشتہ میچ کے ہیرو برینڈن کنگ کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ میزبان ٹیم ایک موقع پر۱۵ء۱؍ اوور میں۹۸؍ رن پر اپنے۸؍ وکٹ گنوا چکی تھی لیکن پھر روماریو شیفرڈ (۴۴ ) اور عقیل حسین (۴۴) نے ۹؍ویں وکٹ کیلئے ناقابل شکست ۷۲؍رن کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔ لیکن ٹیم ہدف سے ایک رن سے دور رہی۔ حسین نے آخری اوور میں ۲؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین نے بیٹنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بولنگ میں بھی کمال کیا۔ انہوں نے۴؍ اوورس میں ۲۴؍ رن دے کر۳؍ وکٹ لئے جس میں مڈل آرڈر کے تمام وکٹ شامل تھے۔ اس کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی ۲۰؍ اب۲۶؍ جنوری کو کھیلا جائے گا۔