Updated: October 11, 2025, 1:31 PM IST
|
Agency
| Kolkata
آکاش دیپ اور مکیش کمار کو بھی جگہ دی گئی۔
محمد سمیع بنگال کےلئے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ تصویر: آئی این این
رنجی ٹرافی ۲۶۔۲۰۲۵ء سیزن کے آغاز کیلئے بنگال کی ٹیم میں تیز گیند باز محمد سمیع، آکاش دیپ اور مکیش کمار کو شامل کیا گیا ہے، وہیں سلامی بلے باز ابھیمنیو ایشورن ٹیم کی قیادت کریں گے۔حال ہی میں بنگال کرکٹ اسوسی ایشن (سی اے بی) کے صدر کا عہدہ سنبھالنے والے سابق کپتان سورو گانگولی سے مشورے کے بعد، ابھیمنیو ایشورن کو بنگال ٹیم کی ذمہ داری دی گئی، اس سے قبل بنگال نے انوستپ مجمدار کو کپتان مقرر کیا تھا۔
وہیںمارچ کے آغاز میں چمپئن ٹرافی کے بعد سے محمد سمیع نے ہندوستان کے لئے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر، چیف سلیکٹر اجیت آگرکر نے سمیع کے کم میچ کھیلنے کو اس کی ایک وجہ قرار دیا تھا۔ جون میں انڈین پریمیر لیگ کے اختتام کے بعد سے سمیع نے اب تک صرف ایک فرسٹ کلاس میچ کھیلا ہے، جو دلیپ ٹرافی میں ایسٹ زون کے لئے تھا، اس میچ میں انہوں نے دونوں اننگز میں کل ۳۴؍اوور کرائے اور ایک وکٹ لیا۔
اس میچ کی دوسری اننگز میں محمد سمیع نے آخری دن زیادہ گیندبازی نہیں کی حالانکہ ایسٹ زون نے پہلی اننگز میں بڑی سبقت حاصل کی تھی لیکن پھر بھی وہ میچ ہار گیا۔ رنجی سیزن آکاش دیپ اور مکیش کیلئے ۱۴؍نومبر سے شروع ہونے والی جنوبی افریقہ سیریز سے پہلے ٹیسٹ سلیکشن کی نظروں میں آنے کا سنہری موقع ہے۔ مکیش گرمیوں میں ہندوستان اے ٹیم کے انگلینڈ دورے کا حصہ تھے، جہاں انہوں نے اپنے واحد میچ میں ۳؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے دلیپ ٹرافی کے پہلے میچ میں ایسٹ زون کے لئے صرف ایک اننگز میں گیند بازی کی تھی اور وہ زخمی ہوگئے تھے۔