Inquilab Logo

کالنگا اسٹیڈیم میں کھیلنا میرا دیرینہ خواب تھا

Updated: November 04, 2022, 11:59 AM IST | Agency | Bhubaneswar

ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی محمد راحیل نے کہا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی پر ملنے والی خوشی کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا

Mohammed Raheel  .Picture:INN
ہندوستانی ہاکی کھلاڑی محمد راحیل نے کالنگا اسٹیڈیم میں ڈیبیو کو یادگار قرار دیا۔ ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی ہاکی ٹیم کیلئے منتخب ۳۳؍ کھلاڑیوں میں محمد راحیل بھی شامل  تھے۔اپنے انتخاب کے تعلق سے انہوںنے کہا کہ یہ خواب کےسچ ہونے کی طرح ہے۔واضح رہے کہ انہیں اس سال سینئر ہاکی کھلاڑیوں کےلئے منعقد کیمپ میں بلایا گیا تھا  اور گزشتہ ماہ ۲۸؍اکتوبر کو انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا تھا۔ہندوستانی ہاکی کھلاڑی محمد راحیل نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنا ایک جذباتی لمحہ تھا۔ واضح رہے کہ محمد راحیل۲۰۱۴ء میں اپنے دوستوں کے ساتھ سائی ہاکی ہوسٹل سے بھونیشور کے کالنگا اسٹیڈیم میں ہندوستان کا چمپئن ٹرافی میں پاکستان کے خلاف میچ دیکھنے بھونیشور گئے تھے۔ اُس وقت انہیں نہیں پتہ تھا کہ ایک دن وہ اسی اسٹیڈیم میں ملک کی نمائندگی کرنے اتریںگے۔انہوںنے کہا ’’میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ میچ دیکھنے آیا تھا۔چمپئن ٹرافی کے مقابلے میں ہندوستان اور پاکستان آمنے سامنے تھے۔اسی اسٹیڈیم میں ۸؍سال بعد ہندوستانی ٹیم کا حصہ بننا عجیب اور خوشگوار احساس دلاتا ہے۔مجھے یاد ہے کہ میچ کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے مجھے لمبی قطار میں کھڑا ہونا پڑا تھا۔ماحول کافی پُرجوش تھا۔میں بھیڑ دیکھ کر حیران تھا اور سوچ رہا تھا کہ اس میدان پر ہندوستان کی نمائندگی کرنا کیسا ہوگا۔ محمد راحیل نے مزید بتایا کہ ’’سچ کہوں تو یہاں ڈیبیو کرنا کافی خاص تھا۔دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اس میدان پر اترنے کے تعلق سے مجھے پتہ نہیں تھا۔میرے ایک ساتھی نے جب مجھے بتایا کہ میں بھونیشور کے کالنگا اسٹیڈیم میں کھیلنے والا ہوںتو میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے اور مجھے کافی خوشی ہوئی۔میرے والدین بھی کافی خوش تھے۔جب میں نے اپنے والد سے کہا کہ میں ہندوستان کیلئے کھیلنے والا ہوں تو انہیں مجھ پر کافی فخر ہوا۔ان کی خوشی کو میں لفظوں میں  بیان نہیں کرسکتا۔‘‘ میچ کے تعلق سے محمد راحیل نے بتایا کہ ’’میچ کی صبح بھی خاص تھی۔ ظاہر سی بات ہے کہ میں کافی نروس محسوس کر رہا تھا۔اس کے ساتھ ہی مجھ میں ایک جوش بھرا ہوا تھا۔مجھے اس بات کا یقین اور اعتماد تھا کہ میں اس لیول پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ پیش کر سکتا ہوں۔ جب میں نے اپنے جذبات اور کچھ گھبراہٹ کے بارے میں نیل کانت سے بات کی تو انہوںنے مجھے مشورہ دیا کہ میں منفی باتیں نہ سوچوں اور اپنی صلاحیت پر یقین رکھوں اور جس طرح میچ میں کھیلتا ہوں ویسے ہی کھیلوں۔کالناگا اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں مداح میچ دیکھنے آئے تھے اور انہیں دیکھ کر میں کافی خوش ہوا تھا۔جس وقت قومی ترانہ بجایا جا رہا تھا تو مجھے کافی فخر محسوس ہورہا تھا۔اس میچ میں ہم نے نیوزی لینڈ کو ۳؍کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK