ہندوستانی تیز گیندباز کے بچپن کے کوچ کا کہنا ہے کہ اب بھی سمیع میں کافی کرکٹ باقی ہے اور ان کا تجربہ ٹیم کے کام آسکتا ہے۔
EPAPER
Updated: August 07, 2026, 12:43 PM IST | New Delhi
ہندوستانی تیز گیندباز کے بچپن کے کوچ کا کہنا ہے کہ اب بھی سمیع میں کافی کرکٹ باقی ہے اور ان کا تجربہ ٹیم کے کام آسکتا ہے۔
ہندوستان کے تجربہ کار تیز گیند باز محمد سمیع نے قومی ٹیم میں واپسی کی امید برقرار رکھی ہے۔ ان کے بچپن کے کوچ محمد بدرالدین نے انکشاف کیا ہے کہ سمیع نے گزشتہ سیزن کے مقابلے میں ۵؍ کلوگرام وزن کم کیا ہے اور وہ آئندہ سیزن کے لئے پوری طرح پُرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ محمد سمیع نے ۲۰۲۵ء کی چمپئن ٹرافی کے بعد سے ہندوستان کیلئے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے۔ اگرچہ وہ ۲۰۲۳ء ون ڈے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز رہے اور گزشتہ گھریلو سیزن میں رنجی ٹرافی کے ۷؍ میچوں میں ۳۷؍ جبکہ وجے ہزارے ٹرافی کے ۷؍ میچوں میں ۱۵؍ وکٹیں حاصل کیں، تاہم حالیہ عرصے میں انہیں قومی ٹیم میں جگہ نہیں مل سکی۔
یہ بھی پڑھئے: مچل اسٹارک ۷؍ وکٹیں لیتے ہی کپل دیو اور ڈیل اسٹین سے آگے نکل جائیں گے
محمد بدرالدین نے کہا’’سمیع کا حوصلہ بلند ہے، وہ آئندہ سیزن کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ ان میں ابھی کافی کرکٹ باقی ہے اور اگر ملک کو ان کی ضرورت پڑی تو وہ ہر وقت دستیاب ہوں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہندوستانی تیز گیند بازوں کی غیر مؤثر کارکردگی نے محمد سمیع جیسے تجربہ کار گیندباز کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ ان کے مطابق ۲۰۲۷ء کے ون ڈے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں سمیع کا تجربہ ٹیم انڈیا کے لئے بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔